کراچی،لاہور اور پشاور سمیت ملک بھر میں یوم عاشور کے مرکزی جلوس اختتام پذیر
Stay tuned with 24 News HD Android App
(24 نیوز)کراچی،لاہور،پشاور فیصل آباد، مانسہرہ، پسرور، بھکر، منڈی بہاولدین سمیت ملک بھر کے مختلف شہروں میں یوم عاشور کے جلوس اپنی منازل پر پہنچ کر اختتام پذیر ہوگئے۔
لاہور میں بھی یوم عاشور کا مرکزی شبیہہ ذوالجناح کا جلوس اپنی منزل کربلا گامے شاہ پہنچ کر اختتام پزیر ہوگیا،جلوس میں عزاداروں کی کثیر تعداد شریک رہی،جلوس کل ہفتہ کے روز رات 10 بجے نثار حویلی سے برآمد ہو اتھا،شبیہہ ذوالجناح کا جلوس اندرون شہر کی 200 سے زائد امام بارگاہوں سے ہوتا ہوا اپنی منزل کربلا گامے شاہ پہنچا ،جلوس کے راستے میں عزادار ماتم خوانی کرتے رہے،ہر کوئی شہداء کربلا کو پرسہ دینے کے لیے جلوس میں موجود ہے،جلوس کی سکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے،عزاداروں کے لیے جگہ جگہ پانی دودھ اور شربت سمیت لنگر کی سبیلیں لگی ہوئیں ہیں۔
کراچی میں نشتر پارک سے برآمد ہونے والا مرکزی جلوس مقررہ راستوں سے ہوتا ہوا صدر ریگل چوک، تبت سینٹر سے ہو کر ایم اے جناح روڈ سےحسینیہ ایرانیاں پہنچ کر اختتام پذیر ہو گیا۔
حیدرآباد میں یوم عاشورہ کا مرکزی جلوس اپنے اختتامی مقام امام بارگاہ کربلا دادن شاہ کے قریب پہنچ گیا ہے، جلوس انجمن حیدری کے زیر اہتمام قدم گاہ مولا علی سے برآمد ہوا تھا۔
پشاور میں محرم الحرام یوم عاشورہ کا مرکزی جلوس روایتی راستوں سے ہوتا ہوا امام بارگاہ سید رضوی شاہ پر اختتام پذیر ہوگیا، جلوس کے لیے سیکیورٹی کے فول پروف انتظامات کیے گئے تھے، انٹری پوائنٹس پر واک تھرو گیٹس نصب تھے۔
مانسہرہ میں یوم عاشور کا مرکزی جلوس اپنے مقررہ راستے سے ہوتا ہوا واپس امام بارگاہ مفتی آباد پر اختتام پذیر ہوگیا، عزاداروں نے جلوس کے اختتام پر مرکزی امام بارگاہ میں زنجیر زنی بھی کی جبکہ اس موقع پر موبائل فون اور انٹرنیٹ سروس جلوس والے علاقوں میں جزوی طورپر بند رہی، ضلعی انتظامیہ اور پولیس کی جانب سے سیکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے تھے۔
یوم عاشور کے موقع پر کوئٹہ کا مرکزی جلوس بخیروخوبی نچاری امام بارگاہ علمدار روڈ پر پہنچ کر اختتام پذیر ہو گیا ، جلوس میں 35 سے زائد ماتمی جلوسوں نے شرکت کی، جنہوں نے روایتی انداز میں سینہ کوبی اور زنجیر زنی کے ذریعے شہدائے کربلا کو خراج عقیدت پیش کیا۔
مرکزی جلوس علمدار روڈ، ہزارہ ٹاؤن، اور دیگر روایتی راستوں سے گزرتا ہوا مقررہ مقام پر پہنچا۔ جلوس کے دوران شہر میں سیکیورٹی کے انتہائی سخت انتظامات کیے گئے تھے، پولیس، ایف سی، لیویز، اور دیگر سیکیورٹی ادارے جلوس کے روٹس پر تعینات رہے،سیکیورٹی خدشات کے پیش نظر کوئٹہ سمیت بلوچستان کے 7 اضلاع میں موبائل فون سروس عارضی طور پر معطل رہی تاکہ کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے بچا جا سکے۔
گوجرانوالہ میں یوم عاشور کا مرکزی جلوس امام بارگاہ گلستان معرفت سے برآمد ہوا جو کالج روڈ، گرجاکھی دروازہ اور گھنٹہ گھر چوک سے ہوتا ہوا دوبارہ گلستان معرفت پہنچ کر اختتام پذیر ہوا،گھنٹہ گھر چوک پر عزاداروں نے نماز ظہرین ادا کی اور نوحہ خوانی کی،جلوس کے دوران صوبائی وزیر بلدیات، کمشنر، آر پی او، ڈپٹی کمشنر اور سی پی او نے سیکیورٹی انتظامات کا جائزہ لیا۔
شہر میں 77 مجالس اور 89 جلوس نکالے گئے جن کی نگرانی کے لیے 3,500 سے زائد پولیس اہلکار، رینجرز اور ایلیٹ فورس تعینات رہی،داخلی و خارجی راستوں پر سی سی ٹی وی کیمروں سے مانیٹرنگ کی جاتی رہی، جبکہ ڈی سی آفس میں کنٹرول روم قائم کیا گیا۔
فیصل آباد میں حسینہ چوک امام بارگاہ در عباس میں مجلس عزاء اختتام پذیر ہوئی، مجلس کے اختتام پر شبیہ ذوالجناح کا جلوس برآمد ہوا، جلوس میں عزادارن امام حسین علیہ السلام کی بڑی تعداد شریک ہوئی, مرکزی جلوس روایتی راستوں سے ہوتا ہوا امام بارگاہ در عباس پہنچ کر اختتام پذیر ہوا۔
بھکر میں یومِ عاشور انتہائی مذہبی عقیدت و احترام سے منایا گیا جہاں یومِ عاشور کے 95 چھوٹے بڑے جلوس برآمد ہوئے، 140مقامات پر یومِ عاشور کی مجالسِ عزا برپا کی گئیں، عَلم ، تعزیہ ، ذولجناح کا مرکزی جلوس تھلہ مرید مہدی سے برآمد ہوا اور مقرر کردہ راستوں سے ہوتا ہوا تعزیہ گاہ پہنچ کر اختتام پذیر ہوا۔
سکھر میں امام بارگاہ شاہ عراق سے آٹھ اور نو محرم کی درمیانی شب شمع گل کے بعد برآمد ہونے والا ماتمی جلوس اختتام پذیر ہو گیا ، ملک کا سب سے طویل دورانیہ کا ماتم جلوس شہداء قبرستان میں اختتام پذیر ہوا۔
صادق آباد میں جلوس اپنے قدیمی اور روایتی راستوں سے ہوتا ہوا امام بارگاہ قصرے پنجتن پاک پہنچ گیا ، مرکزی جلوس امام بارگاہ قصرے پنجتن پاک پہنچ کر اختتام پذیر ہو گیا ۔
رحیم یارخان میں مرکزی جلوس لنگرحسینی امام بارگاہ میں اختتام پذیرہوگیا، میانوالی میں مرکزی جلوس امام بارگاہ قصر بتول پہنچ کر اختتام پذیر ہوگیا ہے۔
ملتان میں استانہ لعل شاہ کا مرکزی جلوس کربلا شاہ شمس پہنچ کر اختتام پذیر ہوگیا ، جلوس کچہری روڈ سے گھنٹہ گھر سے واٹر ورکس روڈ پہنچا، مرکزی جلوس واٹر ورکس روڈ سے دولت گیٹ سے علی چوک پہنچا ۔
سیالکوٹ میں امام بارگاہ مستری عبداللہ سے برآمد ھونے والا قدیمی جلوس پروفیسر غلام حسین کی رھائش گاہ چوک امام صاحب پہنچ کر اختتام پذیرہوا۔
چنیوٹ میں مرکزی کنٹرول روم میدان ترکھاناں میں ڈپٹی کمشنر صفی اللہ گوندل اور ڈی پی او عبداللہ احمد موجود رہے،ڈی سی نے تمام سٹیک ہولڈرز کا امن و امان برقرار رکھنے پر شکریہ ادا کیا جبکہ ڈی پی او کے مطابق پولیس اہلکاروں نے اپنے فرائض پوری تندہی سے سرانجام دیے۔
منڈی بہائوالدین میں یوم عاشور کا مرکزی جلوس امام بارگاہ سجادیہ میں پہنچ کر اختتام پزیر ہوگیا، پسرور میں یوم عاشورہ کا پہلا مرکزی جلوس امام بارگاہ حسینیہ میں پہنچ کر اختتام پذیر ہوا، عاشورہ کا دوسرا جلوس نماز مغرب تک امام بارگاہ محلہ سیداں میں اختتام پذیر ہوگا۔
ملک بھر کی طرح مری میں بھی شہدائے کربلا کا دن عقیدت اور احترام کیساتھ منایا گیا اور 11 جلوس نکالے گئے، مرکزی جلوس امام بارگاہ ڈاکٹر منظور اور قدیمی بلتستانی امام بارگاہ سی برآمد ہوا جو اپنے مقررہ راستوں سے ہوتے جی پی او چوک میں پہنچا جہاں ذاکرین نے فلسفہ شہادت پر روشنی ڈالی۔ اس موقعہ پر سیکورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے مری 450 کے قریب پولیس اہلکار تعینات کیے گئے تھے۔
پتوکی میں مرکزی جلوس حسینینہ امام بارگاہ سے برآمد ہو کر روایتی راستوں سے گزرتا ہوا اختتام پذیر ہوا،شہر میں جگہ جگہ پانی کی سبیلیں لگائی گئیں، جہاں عزاداروں کو سہولت فراہم کی گئی،پنجاب پولیس کے 300 سے زائد اہلکار اور ریسکیو ٹیمیں ڈیوٹی پر موجود رہیں،جلوس کی سخت نگرانی کی گئی، اور انتظامات پر عزاداروں نے انتظامیہ کا شکریہ ادا کیا۔
عارف والا میں جلوس ڈی بلاک امام بارگاہ سے برآمد ہوا اور لاری اڈہ قبرستان امام بارگاہ پہنچ کر اختتام پذیر ہوا،جلوس کے بعد شامِ غریباں کی مجلس منعقد ہوئی جس میں شہدائے کربلا کو خراج عقیدت پیش کیا گیا۔
بورے والا کےتمام بڑے اور چھوٹے ماتمی جلوس اپنے اپنے راستوں سے ہوتے ہوئے پرامن طور پر اختتام کو پہنچے،مرکزی جلوس جوئیہ روڈ سے شروع ہو کر شہباز چوک پہنچا،جلوس کے بعد امام بارگاہ حسینیہ میں شامِ غریباں کا انعقاد کیا گیا۔
ٹوبہ ٹیک سنگھ میں یوم عاشور کا مرکزی جلوس اختتام پذیر ہوگیا ، جلوس امام بارگاہ حسینیہ سے برآمد ہوا تھا، جلوس کے اختتام پر عزاداری بھی کی گئی تھی،بہاولپور یوم عاشور کا مرکزی جلوس کربلا ماڈل ٹاؤن سی پہنچ کر اختتام پذیر ہوا۔
کبیروالا میں یوم عاشورہ کا مرکزی جلوس محلہ بھٹیانوالہ میں اختتام پذیر ہوگیا،جلوس میں موسلا دھار بارش کے باوجود عزاداروں نے بھرپور شرکت کی، جلوس اپنے مقررہ روٹ سے پرامن طور پر گزرا،جلوس میں علم، تعزیہ اور ذوالجناح شامل تھے۔
ڈسکہ میں یوم عاشور کا جلوس قدیمی امام بارگاہ حسینیہ سعادات گردیزی اختتام پزیر ہو گیا، شکرگڑھ میں یوم عاشورہ کا مرکزی جلوس امام بارگاہ حسینی ریلوے روڈ پہنچ کر اختتام پزیر ہو گیا
گلگت میں بھی یوم عاشور کا مرکزی جلوس جامعہ امامیہ مسجد پہنچ کر اختتام پزیر ہوا۔
کشمور میں مرکزی امام بارگاہ فتح شاہ بخاری سے برآمد ہونے والا مرکزی جلوس واپس پہنچ کر اختتام پذیر ہوگیا،امام بارگاه فتح شاہ بخاری میں شام گریباں برپا کی جائے گی،پولیس اور رینجرز کی جانب سے سیکیورٹی کے سخت انتظامات کئے گئے۔
تھرپارکر میں مرکزی جلوس ملوک شاہ امام بارگاہ مٹھی میں اختتام پذیر ہوگیا
جہلم میں ضلع بھر سے نکلنے والے جلوس اختتام پزیر ہوگئے ہیں،30 جلوس ضلع بھر کے علاقوں سے برآمد ہوئے تھے،پرامن طور پر جلوس مقررہ مقام پر پہنچ گئے ہیں،جلوسوں کے راستوں پر فول پروف سکیورٹی کا انتظام تھا،پولیس سول ڈیفنس کے اہلکار سکیورٹی پر تعینات تھے۔
یہ بھی پڑھیں :ملک بھر میں طوفانی بارشوں اور سیلاب کا الرٹ جاری