پشاورمیں فائرنگ کا افسوسناک واقعہ،انچارج تفتیش سمیت 3 افراد جاں بحق
Stay tuned with 24 News HD Android App
( 24نیوز) پشاور میں تھانہ مچنی گیٹ کے علاقے میں فائرنگ کے ایک اندوہناک واقعے میں پولیس کے شعبہ تفتیش کے انچارج انسپکٹر علی حسین سمیت3 افراد جاں بحق ہو گئے۔
تفصیلات کے مطابق فائرنگ کا یہ واقعہ دارمنگی کے قریب پیش آیا، جہاں نامعلوم ملزمان نے تین موٹر سائیکلوں پر سوار ہو کر اندھا دھند گولیاں برسائیں انسپکٹر علی حسین 2 شہری واجد ولد منصف اور عظمت کے ہمراہ ایک ہی موٹر کار میں جا رہے تھے کہ ملزمان نے ان پر کلاشنکوف اور پستول سے فائرنگ کر دی، جس کے نتیجے میں تینوں افراد موقع پر ہی دم توڑ گئے۔
واقعے کی اطلاع ملتے ہی ایس پی ورسک سجاد حسین، ڈی ایس پی ارباب نعیم حیدر اور ایس ایچ او تھانہ مچنی گیٹ مدثر حیات پولیس نفری کے ہمراہ جائے وقوعہ پر پہنچے اور شواہد اکٹھے کیے، جاں بحق افراد کی لاشوں کو پوسٹ مارٹم کے لیے ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔
ایس پی سجاد حسین کے مطابق پولیس نے جائے وقوعہ سے اہم شواہد اکٹھے کر لیے ہیں اور مختلف پہلوؤں سے تحقیقات کا دائرہ وسیع کر دیا گیا ہے تاکہ ملوث ملزمان کی شناخت اور گرفتاری ممکن بنائی جا سکے۔
مزید پیش رفت کی صورت میں عوام اور میڈیا کو آگاہ کیا جائے گا۔
یہ بھی پڑھیں : نامور اداکار انور علی شدید علالت کے باعث ہسپتال میں داخل