مارکیٹیں، شاپنگ مالز کتنے بجے بند ہوں گے؟ حکومت کا بڑا فیصلہ
Stay tuned with 24 News HD Android App
(راؤ دلشاد) حکومت نے پنجاب، اسلام آباد، خیبرپختونخوامیں مارکیٹس رات 8 بجے بند کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
وزیراعظم شہبازشریف کی زیرصدارت پیٹرولیم مصنوعات، توانائی بچت اور کفایت شعاری سے متعلق اجلاس میں اہم فیصلے کیے گئے ہیں۔
بلوچستان، جی بی میں بھی بازار، مارکیٹس، شاپنگ مالز رات 8 بجے بند کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے جب کہ آزاد کشمیر میں بازار، مارکیٹس، شاپنگ مالز رات 8 بجے بند ہوں گی۔
خیبر پختونخوا کے ڈویژنل ہیڈکوارٹرز میں مارکیٹس رات 9 بجے تک کھلنےکی اجازت ہو گی، اجلاس میں ہونے والا فیصلہ صوبائی حکومت کی مشاورت سے کیا گیا ہے۔
روزمرہ اشیاکی دکانیں، ڈیپارٹمنٹل سٹورز، مالز بھی رات 8 بجے بندہوں گے تاہم بیکریاں، ریسٹورنٹ تندور،کھانے پینے کی دیگر دکانیں رات 10بجے بند ہوں گی ،میرج ہالز، مارکیز و دیگر شادیوں کی کمرشل جگہیں رات 10 بجے بند ہو گی اور ساتھ ہی نجی پراپرٹیز اور گھروں میں بھی شادی تقریبات کی رات 10 بجے کے بعد پابندی ہو گی۔
میڈیکل سٹورز ،فارمیسیز کے اوقات کار پابندیوں سے مستثنیٰ ہوں گے،اجلاس میں کئےگئے فیصلوں کا اطلاق7 اپریل سے ہو گا۔
سندھ میں مارکیٹیں اور شاپنگ مالز کی بندش سے متعلق مشاورت کا عمل جاری ہے جس کے بعد نئے کاروباری اوقات کار کا اعلان کیا جائے گا۔
وزیراعظم نے اجلاس میں کہا کہ وزراء اعلیٰ پنجاب، خیبر پختونخوا ،بلوچستان، گلگت بلتستان اور وزیراعظم کا آزاد جموں و کشمیر کا شکریہ ادا کرتے ہیں کہ انہوں نے قومی اہمیت کے ان اہم معاملات میں اتفاق رائے سے فیصلہ کیا، سندھ حکومت کی سٹیک ہولڈرز سے مشاورت جاری ہے مجھے امید ہے کہ وزیر اعلیٰ سندھ بھی اس حوالے سے جلد مشاورت کا عمل مکمل کرنے کے بعد، اس فیصلے میں شامل ہو جائیں گے۔
وزیراعظم کا کہنا تھا کہ گلگت شہر اور مظفرآباد شہر میں انٹراسٹی پبلک ٹرانسپورٹ ایک ماہ کے لئے مفت ہو گی جس کے تمام اخراجات وفاقی حکومت برداشت کرے گی۔