لاہور ہائیکورٹ سیکیورٹی میں غفلت، 30 پولیس اہلکاروں کو محکمانہ سزائیں
Stay tuned with 24 News HD Android App
(24 نیوز )لاہور ہائیکورٹ میں سیکیورٹی ڈیوٹی کے دوران غفلت اور لاپرواہی برتنے والے پولیس اہلکاروں کے خلاف محکمانہ کارروائی عمل میں لائی گئی ہے۔ایس پی سیکیورٹی لاہور ہائیکورٹ سید محمود الحسن نے غفلت اور لاپرواہی کے مرتکب 30 پولیس اہلکاروں کو مختلف نوعیت کی محکمانہ سزائیں سنادیں۔
ذرائع کے مطابق محکمانہ کارروائی کی زد میں آنے والے اہلکاروں میں سب انسپکٹر شان علی، کانسٹیبل حسیب احمد، سعید احمد، رابیل اور شاہد سمیت دیگر اہلکار شامل ہیں، جبکہ لیڈی کانسٹیبل شمع طاہر کو بھی محکمانہ سزا دی گئی۔
ایس پی سیکیورٹی کی جانب سے پولیس اہلکاروں کو جرمانے، سروس ضابطگی، سنشور اور دیگر محکمانہ سزائیں دی گئیں،اس سے قبل ایس پی سیکیورٹی سید محمود الحسن نے لاہور ہائیکورٹ اور سپریم کورٹ رجسٹری کے سیکیورٹی انتظامات کا اچانک دورہ بھی کیا۔دورے کے دوران ایس پی سیکیورٹی نے سیکیورٹی ڈیوٹی پر تعینات پولیس اہلکاروں کی حاضری، ڈیوٹی اور سیکیورٹی انتظامات کا جائزہ لیا۔
یہ بھی پڑھیں:اضافی بلنگ سے پریشان عوام کیلئے اچھی خبر
ایس پی سیکیورٹی نے ڈیوٹی سے غیر حاضر پولیس اہلکاروں کے خلاف تادیبی کارروائی کا حکم بھی دیا،سید محمود الحسن نے واضح کیا کہ دورانِ ڈیوٹی موبائل فون استعمال کرنے والے اہلکاروں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔
انہوں نے پولیس اہلکاروں کو ہدایت کی کہ وہ سیکیورٹی ڈیوٹی کے دوران مکمل طور پر الرٹ رہیں اور اپنی ذمہ داریاں ذمہ داری کے ساتھ انجام دیں،ایس پی سیکیورٹی کا کہنا تھا کہ ڈیوٹی میں غفلت اور لاپرواہی کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی اور کوتاہی برتنے والے اہلکاروں کے خلاف بلاامتیاز محکمانہ کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔
ایس پی سیکیورٹی نے لاہور ہائیکورٹ اور سپریم کورٹ رجسٹری کی سیکیورٹی کو مؤثر بنانے کے لیے اہلکاروں کو اپنی ڈیوٹی کے دوران مکمل چوکس رہنے اور سیکیورٹی ایس او پیز پر سختی سے عملدرآمد کی ہدایت بھی کی ۔