عائشہ ٹاکیہ کے شوہر کے خلاف مقدمہ درج،اداکارہ کاردعمل بھی آگیا
Stay tuned with 24 News HD Android App
(ویب ڈیسک) بالی ووڈ اداکارہ عائشہ ٹاکیہ کے شوہر فرحان اعظمی کے خلاف ہنگامہ آرائی کا مقدمہ درج ہونے کے بعد اداکارہ کا ردعمل بھی سامنے آگیا۔
بھارتی میڈیا کے مطابق گوا پولیس کا کہنا ہے فرحان اعظمی ایک لگژری ایس یو وی میں جارہے تھے کہ مبینہ طور پر تیزرفتاری پرمقامی لوگوں نے انہیں روک لیا،فرحان اعظمی نے پولیس کو فون کرکے مدد طلب کی اور مبینہ طور پر مقامی افراد کو دھمکیاں بھی دیں کہ ان کے پاس لائسنس والا اسلحہ بھی ہے۔
گوا پولیس کے مطابق پولیس نے موقع پر پہنچ کر معاملے پر قابو پایا، بعد ازاں کلانگوت پولیس اسٹیشن میں فرحان اعظمی اور دیگر افراد کے خلاف ہنگامہ آرائی اور امن و امان میں خلل پیدا کرنے پر ریاست کی مدعیت میں مقدمہ درج کیا گیا۔
فرحان اعظمی کے خلاف یہ مقدمہ اس وقت درج کیا گیا جب ان کے والد، سماج وادی پارٹی کے رہنما اورمہاراشٹر اسمبلی کے رکن ابواعظمی کو مغل حکمران اورنگ زیب کی تعریف کرنے پر مقدمے اور انتہاپسند ہندوؤں کی جانب سے سخت تنقید کا سامنا ہے۔
اپنے شوہر کے خلاف مقدمہ کے اندراج پر عائشہ ٹاکیا نے سوشل میڈیا پر ردعمل دیتے ہوئے کہاہے کہ ان کے شوہر کو مہاراشٹر سے ہونے کی وجہ سے تعصب کا نشانہ بنایا گیا، میرے شوہر اور بیٹےکو غنڈوں نے کئی گھنٹوں تک ہراساں کیا اور انہیں دھمکیاں دیں، غنڈوں نے پولیس پر بھی حملہ کیا جسے میرے شوہر نے اپنی مدد کے لیے بلایا تھا۔
عائشہ ٹاکیہ نے مزیدکہاکہ میرے شوہر نے پولیس کو مدد کے لیے بلایا تھا لیکن ان کے خلاف ہی مقدمہ درج کرلیا گیا، گاڑی میں موجود میرے شوہر اور بیٹےکو گالیاں دی گئیں اور مہاراشٹر سے تعلق رکھنے کی وجہ سے نشانہ بنایا گیا،ان کے پاس واقعہ کی سی سی ٹی وی فوٹیجز بھی ہیں جو وہ مناسب وقت پر متعلقہ حکام کے ساتھ شیئر کریں گی۔
واضح رہے کہ بالی وڈ اداکارہ عائشہ ٹاکیہ کافی عرصے سے فلم انڈسٹری سے دور ہیں، تاہم سوشل میڈیا پر اکثر سرگرم رہتی ہیں۔
یہ بھی پڑھیں:شہریار چوہدری سے دوستی کا نہیں رومانس کا رشتہ ہے:ویناملک
بالی وڈ سپر اسٹار سلمان خان کی فلم "وانٹڈ"سے شہرت حاصل کرنےوالی عائشہ ٹاکیہ نے2009 میں اسلام قبول کرکے اپنے دوست فرحان اعظمی کے ساتھ شادی کرلی تھی اور فلمی دنیا سے دور ہوگئیں، فرحان اعظمی ایک بزنس مین ہیں ۔