وزیر دفاع خواجہ آصف کا بھارتی پروپیگنڈے پر سخت ردعمل
Stay tuned with 24 News HD Android App
(احمد منصور )وزیر دفاع خواجہ آصف نے سماجی رابطے کے پلیٹ فارم “ایکس” پر بھارتی گمراہ کن پروپیگنڈے کے حوالے سے اہم بیان جاری کیا ہے،انہوں نے کہا کہ ان کے خلاف بھارت کی جانب سے ذاتی حملے یا انہیں ذہنی طور پر غیر مستحکم قرار دینے کی کوششوں سے کوئی مسئلہ حل نہیں ہوگا۔
وزیر دفاع کے مطابق پاکستان کے ساتھ گزشتہ سال مبینہ جنگ میں شکست کے بعد بھارتی وزیراعظم نریندر مودی اندرونِ ملک اور بیرونِ ملک شدید دباؤ کا شکار ہیں، اور ان کی گرتی ہوئی ساکھ کو ان کے خلاف چلائی جانے والی پروپیگنڈا مہم سے بحال نہیں کیا جا سکتا۔
خواجہ آصف نے مزید کہا کہ بھارتی اپوزیشن رہنما راہول گاندھی نے بھی مودی کو دیے گئے بین الاقوامی اعزازات پر سوالات اٹھائے ہیں اور دعویٰ کیا ہے کہ ان میں سے بعض اعزازات مصنوعی طور پر تخلیق کیے گئے یا خودساختہ تشہیری مہم کا حصہ ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ایسی مہمات کا مقصد مودی کو ایک عالمی مدبر رہنما کے طور پر پیش کرنا ہے، تاہم اس کے برعکس ان کی ساکھ ایک “عالمی شعبدہ باز” کے طور پر سامنے آ رہی ہے۔
وزیر دفاع نے یہ بھی کہا کہ معتبر جریدے’’ دی گارڈین‘‘ نے اپنی رپورٹ میں مودی کے اعزازات کی شفافیت اور ساکھ پر سوالات اٹھائے ہیں، بیرونِ ملک سے مصنوعی تعریف حاصل کرنے کی کوششیں دراصل بھارت کے اندر کمزور ہوتی ہوئی سیاسی ساکھ کو سہارا دینے کی ناکام کوشش ہیں۔
یہ بھی پڑھیں :معمولی بات پر کم عمر لڑکوں نے مل کر کم عمر دوست کو قتل کر دیا