وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا نے حکومتی ترجیحات واضح کر دیں، کرپشن پر زیرو ٹالرنس کا اعلان
Stay tuned with 24 News HD Android App
(ملک رحمان)وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی نے نئے مالی سال کے آغاز پر کابینہ اراکین اور انتظامی سیکرٹریز کو اہم ہدایات جاری کرتے ہوئے واضح کیا ہے کہ حکومت کرپشن کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی پر عمل کرے گی اور کسی بھی سطح پر بدعنوانی برداشت نہیں کی جائے گی۔
سہیل آفریدی نے ہدایت کی کہ کرپٹ اور نااہل افسران کے خلاف بلاامتیاز کارروائی کی جائے، خواہ وہ کسی بھی بااثر شخصیت کے قریب ہوں۔ انہوں نے کہا کہ محکموں کی کارکردگی کا اصل معیار عوام کا اطمینان ہوگا، جبکہ صرف اچھی پریزنٹیشنز کو کامیابی نہیں سمجھا جائے گا۔
انہوں نے تمام وزراء کو ہدایت کی کہ ہر ماہ کم از کم سات اضلاع کا دورہ کریں، عوامی مسائل سنیں اور ان کے فوری حل کو یقینی بنائیں، وزیراعلیٰ نے کہا کہ وہ روزانہ عوامی شکایات اور ان کے ازالے کا جائزہ لیں گے، جبکہ بروقت کارروائی نہ ہونے کی صورت میں ذمہ داروں کے خلاف سخت ایکشن لیا جائے گا۔
وزیراعلیٰ نے تمام محکموں کو ہدایت دی کہ اپنے کمپلینٹ سیلز قائم کرکے انہیں وزیراعلیٰ کمپلینٹ سیل سے منسلک کریں، جبکہ ضلعی دوروں کے لیے باقاعدہ شیڈول بھی مرتب کیا جائے۔
سہیل آفریدی نے زور دیا کہ عمران خان کے وژن کی عکاسی کرنے والے تمام سگنیچر منصوبوں پر ترجیحی بنیادوں پر عملدرآمد کیا جائے۔ ساتھ ہی سالانہ ترقیاتی پروگرام کے تحت تمام ترقیاتی منصوبوں، ڈی ایف سی اسکیموں کی بروقت تکمیل اور نئی اسکیموں کے لیے واضح ٹائم لائنز مقرر کرنے کی بھی ہدایت کی۔
وزیراعلیٰ نے کہا کہ وزیراعلیٰ سیکرٹریٹ کی جانب سے کسی بھی معاملے پر رابطے کی صورت میں 24 گھنٹوں کے اندر نتیجہ سامنے آنا چاہیے,وزراء، مشیران اور انتظامی سیکرٹریز کو باہمی رابطہ مضبوط بنانے اور تمام فیصلے مشاورت، میرٹ اور شفافیت کی بنیاد پر کرنے کی ہدایت بھی کی۔
انہوں نے مزید کہا کہ تمام محکمے اپنی مؤثر کمیونیکیشن حکمت عملی مرتب کریں تاکہ عوام کو حکومتی اصلاحات اور ترقیاتی منصوبوں سے بروقت آگاہ کیا جا سکے۔ وزیراعلیٰ نے اعلان کیا کہ تین ماہ بعد تمام محکموں کی کارکردگی کا دوبارہ جائزہ لیا جائے گا اور ہدایات پر عملدرآمد کی بنیاد پر سزا و جزا کا فیصلہ کیا جائے گا۔
یہ بھی پڑھیں :وزیراعلیٰ کی حلف برداری تقریب،بلاول بھٹو زرداری سکردو پہنچ گئے