عمران خان سے ملاقاتوں پر پابندی، علیمہ خان کا جیل کے باہر دعاؤں کا اعلان
Stay tuned with 24 News HD Android App
(24 نیوز)سابق وزیراعظم اور پاکستان تحریک انصاف کے بانی عمران خان سے اڈیالہ جیل میں ملاقاتوں پر عائد پابندیوں کے خلاف ان کے اہلِ خانہ اور حامیوں میں بے چینی پائی جاتی ہے۔
عمران خان کی ہمشیرہ علیمہ خان نے ملاقاتوں پر پابندیوں کے پس منظر میں جیل کے باہر دعاؤں کے انعقاد کا اعلان کیا ہے۔
علیمہ خان نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر جاری اپنے بیان میں کہا ہے کہ منگل کو دوپہر ایک بجے اڈیالہ جیل کے باہر سورۂ یٰس ختم کا اہتمام کیا جائے گا۔
ان کے مطابق اس موقع پر تمام شہدا، ناحق قید افراد اور ہر قسم کے ظلم و جبر کا سامنا کرنے والوں کے لیے خصوصی دعائیں کی جائیں گی۔
مزید پڑھیں: سکولوں کی چھٹیوں میں اضافہ؟ صوبائی وزیر تعلیم کا اہم بیان آگیا
ذرائع کے مطابق عمران خان سے اہلِ خانہ، پارٹی رہنماؤں اور وکلا کی ملاقاتوں پر گزشتہ کچھ عرصے سے سخت پابندیاں عائد ہیں، جسے تحریک انصاف سیاسی انتقام قرار دیتی ہے۔
پارٹی کا مؤقف ہے کہ ملاقاتوں کی اجازت نہ دینا عمران خان کو تنہا کرنے اور دباؤ میں لانے کی کوشش ہے۔
علیمہ خان کا کہنا ہے کہ دعاؤں کا یہ اہتمام پرامن اور مذہبی نوعیت کا ہوگا، جس کا مقصد ظلم کے خلاف آواز بلند کرنا اور ناحق قید افراد کے لیے دعا کرنا ہے۔
انہوں نے کارکنان اور ہمدردوں سے اپیل کی ہے کہ وہ پرامن طریقے سے شرکت کریں۔