بسنت پر اشتعال انگیزی روکنے کیلئے لاہورمیں دفعہ 144 نافذ
Stay tuned with 24 News HD Android App
(قیصر کھوکھر)لاہور میں بسنت پر اشتعال انگیزی روکنے کیلئے دفعہ 144 نافذکردی گئی۔
بسنت کے دوران مذہبی ہم آہنگی اور امنِ عامہ برقرار رکھنے کیلئے بعض پابندیاں عائد کی گئی ہیں جس کے تحت پتنگوں پر مقدس کتب، مذہبی مقامات یا کسی شخصیت کی تصویر لگانے پر مکمل پابندی عائد ہے،کسی ملک یا سیاسی جماعت کے جھنڈے کی تصویر والی پتنگوں پر بھی پابندی عائد ہے،مذہبی و سیاسی نقش و نگار والی پتنگوں کی تیاری، خرید و فروخت اور استعمال پر دفعہ 144 کے تحت پابندی عائد ہے۔
لاہور میں بسنت کے دوران بغیر تصویر یک رنگی یا کثیر رنگی گُڈّا اور پتنگ استعمال کرنے کی اجازت ہے،حکومت پنجاب نے محفوظ بسنت کی اجازت ایک تفریحی تہوار کے طور پر دی ہے اوربسنت کے موقع پر کسی قسم کی قانون شکنی کی اجازت نہیں دی جائے گی۔
پنجاب کائٹ فلائنگ ایکٹ 2025 کے تحت دھاتی تار اور نائلون ڈور کے استعمال پربھی مکمل پابندی عائد ہے،لاہور میں بسنت کے دوران موٹر سائیکل پر سیفٹی راڈ کا استعمال لازم ہے،محکمہ داخلہ نے بسنت کے حوالے سے خصوصی سکیورٹی گائیڈ لائنز بھی جاری کی ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: نیٹ میٹرنگ نظام کو مرحلہ وارختم کرنےکی تیاریاں
انتظامیہ و پولیس کو بسنت کے حوالے سے جاری کردہ قواعد و ضوابط پر من و عن عملدرآمد کی ہدایت کی گئی ہے،شہر کے داخلی و خارجی راستوں پر گاڑیوں کی سخت چیکنگ اور اسکیننگ کی ہدایت کی گئی ہے،صرف قانون کے مطابق پتنگ بازی کا سامان شہر میں آئے گا، ممنوعہ سامان فوری ضبط ہوگا،ہوائی فائرنگ اور اسلحہ کی نمائش پر مکمل پابندی ہوگی اور خلاف ورزی پر سخت قانونی کارروائی ہوگی،قانون نافذ کرنے والے اداروں اور انٹیلیجنس ایجنسیوں کے درمیان قریبی رابطہ برقرار رکھنے کی ہدایت کی گئی ہے،ریسکیو 1122 کو مکمل الرٹ اور ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کیلئے تیار رہنے کا حکم دیاگیاہے جبکہ تمام ہسپتالوں میں ماہرین، طبی عملے اور ادویات کی دستیابی یقینی بنانےکی بھی ہدایت کی گئی ہے۔