"مرتضیٰ وہاب دبئی کو آپ کی ضرورت ہے"، بلاول بھٹو کی ٹوئٹ پر نئی بحث چھڑ گئی

Feb 05, 2024 | 13:12:PM
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(24 نیوز)پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو کی کراچی کے مئیر مرتضیٰ وہاب کو سراہے جانے کی ٹویٹ توجہ کا مرکز بن گئی، سوشل میڈیا پر نئی بحث چھڑ گئی۔

 سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر چیئر مین بلاول بھٹو کی ٹویٹ خوب زیر بحث ہے جہاں انہوں نے دبئی میں ہونے والی بارشوں کی وجہ سے سڑکوں پر جمع پانی کی ایک ویڈیو شئیر کرتے ہوئے کراچی کے مئیر مرتضیٰ وہاب کو مخاطب کرتے ہوئے لکھا کہ "مرتضیٰ وہاب دبئی کو آپ کی ضرورت ہے"، اس ٹویٹ کا مقصد مرتضی وہاب کی کارکردگی کو سراہنا تھا۔

 بلاول بھٹو کے ٹویٹ کرنے کی دیر تھی کہ صارفین نے تبصروں کا ایک انبار لگا دیا ، کسی نے طنز کے نشتر چلائے تو کسی نے بے حس حکمران ہونے کا طعنہ دے ڈالا۔ صارفین کا کہنا تھا کہ حالیہ بارشوں نے پیپلز پارٹی کی سندھ میں کارکردگی کا پول کھول دیا لیکن بلاول بھٹو پھر بھی مرتضی وہاب کو سراہنے کا کوئی موقع ہاتھ سے جانے نہیں دے رہے۔

بلاول بھٹو کی ٹویٹ پر تبصرہ کرتے ہوئے ایک صارف نے لکھا دبئی کا کراچی سے موازنہ کرنا ، ہمت چیک کریں بس۔

ایک صارف نے لکھا کہ جی ہاں، جیسے تیز بارش کے فوراً بعد کراچی خشک ہو جاتا ہے، یہ مرتضیٰ وہاب کا کام ہے، شکریہ چیئرمین صاحب آپ نے ہمیں ایک نوجوان اور متحرک میئر دیا۔

ایک اور صارف نے طنزیہ  کہتے ہوئے کہا کہ مرتضیٰ وہاب اکیلا کیا کر سکتا ہے لندن، دبئی، بمبئی، نیویارک،ہر شہر کو اس کی ضرورت ہے۔

 ایک اور صارف نے تنقید کرتے ہوئے لکھا کہ  آپ اپنے شہر کے لوگوں کے لیے مسائل پیدا کرنے کے بعد ان کا مذاق اڑاتے ہوئے اپنی ہی انتخابی مہم کو کیسے ناکام بنا رہے ہیں افسوس۔

 ایک صارف نےطنزیہ انداز میں مشورہ دیتے ہوئے لکھا کہ جی! مرتضی وہاب کو دبئی بھیج دیں، وہاں ان کی زیادہ ضرورت ہے۔

 صارف غفران خالد نے تبصرہ کرتے ہوئے لکھا کہ مرتضیٰ وہاب کے اترتے ہی دبئی کے باشندے برج خلیفہ سے سمندر میں چھلانگ لگا کر اجتماعی خودکشی کر لیں گے۔

یہ بھی پڑھیں:عام انتخابات 2024: حافظ نعیم الرحمان کا سیدامین الحق سے کانٹے دار مقابلہ

 واضح رہے کہ کراچی میں ہونے والی حالیہ بارشوں کے بعد کئی علاقے زیر آب آ گئےتھے، جس کی وجہ سے شہری رات بھر سڑکوں پر پھنسے رہے اور میلوں تک ٹریفک جام رہا جب کہ بجلی بند ہونے سے شہریوں کی مشکلات مزید بڑھ گئیں،سماجی رابطوں کی ویب سائٹس پر صارفین نے سند ھ حکومت کو خوب آڑے ہاتھوں لیا اور الیکشن سے قبل انتظامیہ کی بے حسی کو بھی خوب تنقید کا نشانہ بنایا ۔