سپیشل کورٹس سے کسی کو انصاف نہیں مل سکتا، رانا  ثناء

Dec 05, 2020 | 11:54:AM
سپیشل کورٹس سے کسی کو انصاف نہیں مل سکتا، رانا  ثناء
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(24 نیوز)مسلم لیگ (ن)  پنجاب کے صدر رانا ثناء اللّٰہ نے کہا ہے کہ سپیشل کورٹس سے کسی کو انصاف نہیں مل سکتا۔یہ لوگ ارشد ملک جیسے جج تیار کرتے ہیں۔

 تفصیلات کے مطابق  انسدادِ منشیات کی خصوصی عدالت میں پیشی کے موقع  صحافیوں سے بات کرتے ہوئے نون لیگ کے رہنما رانا ثناء اللّٰہ کا کہنا تھا  کہ ارشد ملک صاحب فوت ہو چکے ہیں، اب ان کے حوالے سے بات نہیں کرنی چاہیئے۔سپیشل کورٹس سے کسی کو انصاف نہیں مل سکتا۔یہ لوگ ارشد ملک جیسے جج تیار کرتے ہیں۔

 صدر نون لیگ پنجاب نے کہا کہ میرا تو قومی اسمبلی کا اکاؤنٹ تک منجمد کر دیا گیا ہے، 13 دسمبر کو انشاء اللّٰہ لاہور میں جلسہ ضرور ہوگا۔انہوں نے حکمرانوں کو  مخاطب کرتے ہوئے کہا  کہ آپ کورونا وائرس سمیت جہاں مرضی چھپیں، ہم آپ کوجیل بھیج کر ہی دم لیں گے۔

سابق صوبائی وزیر نے کہا کہ میرے خلاف بیان دلوانے کے لیے کئی لوگوں کو پکڑا گیا،  میرے خلاف کوئی ثبوت نہیں ہیں۔انہوں نے کہا کہ ان تمام لوگوں نے پوچھ گچھ میں میرے حق میں بات کی، یہ لوگ پوری دنیا میں میری ایک روپے مالیت کی جائیداد منظرِعام پر نہیں لا سکے۔

رانا ثناء اللّٰہ نے کہا کہ پی ڈی ایم کے فیصلے پر اسمبلیوں سے استعفوں کے آپشن پر عمل کیا جائے گا، گوجرانوالہ اور ملتان کے جلسے ہو گئے تو کورونا وائرس وہاں سے بھاگ گیا۔ یہ ایسا کورونا وائرس ہے جو جلسوں سے پہلے آتا ہے، بعد میں بھاگ جاتا ہے، ہم بنی گالہ میں چھپے کورونا وائرس کو بھگا کر دم لیں گے۔ انہوں نے مزید کہا کہ فیصل آباد میں ورکرز کنونشن کے بعد 2 مقدمات درج کیئے گئے، اندازوں پر کورونا ایس او پیز کی خلاف ورزی کے مقدمات درج کئے گئے ۔

 لیگی رہنما نے کہا کہ نواز شریف نے اپوزیشن جماعتوں کی اے پی سی میں اجتماعی استعفوں کی تجویز دی ہے، پی ڈی ایم فیصلہ کرے تو مسلم لیگ ن استعفے دینے کو تیار ہے۔انہوں نے یہ بھی کہا کہ  نواز شریف بہت بہتر انداز میں لندن سے قیادت کر رہے ہیں، ریلیوں، استعفوں سمیت کسی معاملے پر مسلم لیگ نون میں کوئی اختلاف نہیں۔