5 تا 8 اگست کے دوران شدید بارشوں اور ممکنہ سیلاب کے پیش نظر این ڈی ایم اے کا الرٹ جاری
Stay tuned with 24 News HD Android App
(روزینہ علی) نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) کے نیشنل ایمرجنسی آپریشن سینٹر نے ملک میں آئندہ ہفتے کے دوران متوقع شدید بارشوں کے حوالے سے الرٹ جاری کر دیا ہے۔ رپورٹ میں 5 تا 8 اگست کے دوران بالائی اور وسطی علاقوں میں شدید بارشوں کے باعث سیلابی صورتحال کا خدشہ ظاہر کیا گیا ہے۔
این ڈی ایم اے کے مطابق دریائے چناب کے مقامات مرالہ، خانکی اور قادرآباد پر درمیانے سے اونچے درجے کے سیلاب کا امکان ہے،دریائے جہلم (منگلا کے بالائی علاقوں) میں بھی درمیانے سے اونچے درجے کے سیلاب کا خدشہ ہے،دریائے کابل میں نوشہرہ کے مقام پر بہاؤ میں تیزی متوقع ہے، جبکہ سوات اور پنجکوڑہ کے ندی نالوں میں بھی طغیانی کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔
ڈیموں اور بیراجوں کی صورتحال کے حوالے سے این ڈی ایم اے نے کہاہے کہ تربیلا، کالا باغ، چشمہ، تونسہ اور گڈو بیراج میں اس وقت نچلے درجے کا بہاؤ موجود ہے تاہم آئندہ دنوں میں یہ درمیانے درجے تک پہنچ سکتا ہے،حالیہ مون سون بارشوں کے باعث تربیلا ڈیم 94 فیصد اور منگلا ڈیم 61 فیصد تک بھر چکے ہیں۔
این ڈی ایم اے کے مطابق ممکنہ بارشوں کے نتیجے میں گلگت بلتستان کے اضلاع ہنزہ، گانچھے اور شگر میں اچانک سیلاب اور ندی نالوں میں طغیانی کی صورتحال پیدا ہو سکتی ہے۔
شہریوں کے لیے احتیاطی ہدایات جاری کرتے ہوئے این ڈی ایم اے نے کہاہے کہ شہری علاقوں، خصوصاً شمال مشرقی و وسطی پنجاب میں ڈی واٹرنگ پمپس تیار رکھنے کی ہدایت کی گئی ہے،نشیبی علاقوں میں رہائش پذیر افراد کو خصوصی احتیاط برتنے کی ہدایت دی گئی ہے۔
عوام کو ہدایت دی گئی ہے کہ وہ غیر ضروری سفر سے گریز کریں اور تیز بہاؤ کی صورت میں ندی نالوں، پلوں اور پانی میں ڈوبی سڑکوں سے گزرنے سے اجتناب کریں۔
یہ بھی پڑھیں : ڈرگ ریگولیٹری اتھارٹی کا ناقص ادویات کے خلاف بڑا اقدام