پی ایم اینڈ ڈی سی کا اسناد کے اجراء اور تصدیق کا کام 3 سے 4 دن میں مکمل کرنے کا اعلان

Oct 04, 2025 | 19:30:PM
پی ایم اینڈ ڈی سی کا اسناد کے اجراء اور تصدیق کا کام 3 سے 4 دن میں مکمل کرنے کا اعلان
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(بابر شہزاد تُرک) پاکستان میڈیکل اینڈ ڈینٹل کونسل نے رجسٹریشن، اسناد کے اجراء اور تصدیق جیسے مراحل غیر معمولی طور پر  صرف 3 سے 4 دن میں مکمل کرنے کا سلسلہ شروع کیا ہے.

پاکستان میڈیکل اینڈ ڈینٹل کونسل (پی ایم اینڈ ڈی سی) کی جانب سے جاری کردہ اعلامیہ کے مطابق وزیراعظم کے وژن کے تحت شاندار ڈیجیٹل تبدیلی کا سفر مکمل کرتے ہوئے مختلف آن لائن پورٹلز کے کامیاب آغاز کا اعلان کیا ہے، جن کے ذریعے ادارے کی شفافیت، کارکردگی اور عوامی خدمات کی فراہمی میں نمایاں بہتری آئی ہے۔ پی ایم اینڈ ڈی سی کے مطابق رجسٹریشن پورٹل، پوسٹ گریجویٹ کوالیفکیشن پورٹل، ایکسپیرینس و فیکلٹی پورٹل اور ایم ڈی کیٹ پورٹل کے آغاز کے بعد ہزاروں درخواستوں پر بروقت کارروائی ممکن ہو سکی ہے اور اب رجسٹریشن، اسناد کے اجرا اور تصدیق جیسے مراحل صرف 3 تا 4 دن میں مکمل ہو رہے ہیں، اعداد و شمار کے مطابق مئی 2024 سے اب تک موصولہ 1,75,738 کیسز میں سے 1,73,373 کامیابی سے نمٹائے گئے۔ ان میں فل لائسنس، پروویژنل لائسنس، گڈ اسٹینڈنگ سرٹیفکیٹس، پوسٹ گریجویٹ کوالیفکیشنز، ری نیوولز اور دیگر خدمات شامل ہیں۔ صرف ٹیچنگ ایکسپیرینس سرٹیفکیٹس کی 7,462 درخواستیں موصول ہوئیں جن میں سے 7,438 مکمل کی جا چکی ہیں جبکہ فیکلٹی رجسٹریشن کے 13,884 کیسز میں سے 13,483 نمٹائے گئے۔ ادارے کا کہنا ہے کہ نئے سسٹم کے ذریعے امیدوار اب اپنی درخواستوں کی آن لائن ٹریکنگ کر سکتے ہیں جبکہ غیر ضروری تاخیر اور ذاتی پیشی کی ضرورت ختم کر دی گئی ہے۔ ایم ڈی کیٹ پورٹل کے ذریعے داخلہ امتحان کی رجسٹریشن بھی شفاف اور سہل ہوگئی ہے، جس میں آن لائن ادائیگی کی سہولت بھی فراہم کی گئی ہے، مزید برآں لاہور (شیخ زید میڈیکل کمپلیکس) اور کراچی میں ریجنل دفاتر میں لائسنسنگ سسٹم کا آغاز کر دیا گیا ہے جس کے بعد ڈاکٹروں کو اسلام آباد جانے کی ضرورت نہیں رہی۔ ان دفاتر میں رجسٹریشن، لائسنس ری نیوول، گڈ اسٹینڈنگ سرٹیفکیٹس اور ریکارڈ اپڈیٹ جیسی سہولتیں فراہم کی جا رہی ہیں جبکہ تیار شدہ سرٹیفکیٹس کوریئر سروس کے ذریعے ارسال کیے جا رہے ہیں، صدر پی ایم اینڈ ڈی سی پروفیسر رضوان تاج کے مطابق ادارے کی یہ ڈیجیٹل جدت میڈیکل و ڈینٹل پروفیشنلز کے لئے شفاف، قابلِ بھروسہ اور تیز رفتار ریگولیٹری عمل کی جانب اہم قدم ہے۔ انہوں نے کہا کہ لاہور اور کراچی کے بعد پشاور اور کوئٹہ میں بھی مرحلہ وار اس سسٹم کا آغاز کیا جائے گا۔ پی ایم اینڈ ڈی سی نے واضح کیا کہ چند زیر التواء کیسز صرف اس وقت تک مؤخر ہیں جب تک متعلقہ فریقین کی تصدیق مکمل نہیں ہو جاتی کیونکہ قانوناً بغیر تصدیق کے کارروائی ممکن نہیں، یاد رہے کہ پاکستان میڈیکل اینڈ ڈینٹل کونسل ایک ریگولیٹری ادارہ ہے جو میڈیکل و ڈینٹل تعلیم اور پریکٹس کے معیار کو قائم رکھنے کا ذمہ دار ہے، ادارہ میڈیکل و ڈینٹل کالجز کی منظوری، ڈاکٹروں کی رجسٹریشن، لائسنس اور سرٹیفیکیٹس کا اجرا، ملکی و غیر ملکی ڈگریوں کی توثیق، ایم ڈی کیٹ امتحان کا انعقاد اور ڈاکٹروں کی پیشہ ورانہ اخلاقیات پر نگرانی کرتا ہے.

یہ بھی پڑھیں:جو ہر بات پر ’’مرسُو مرسُو‘‘کرتے وہ صوبائیت کارڈ کھیل رہے ہیں، عظمی بخاری کا پیپلز پارٹی پر ڈرون اٹیک