کراچی: ڈاکوؤں کی فائرنگ، حافظ قرآن اور 3 بچوں کا باپ جاں بحق

Oct 04, 2022 | 12:07:PM
کراچی: ڈاکوؤں کی فائرنگ، حافظ قرآن اور 3 بچوں کا باپ جاں بحق
کیپشن: فائل فوٹو
سورس: گوگل
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(ویب ڈیسک) شہر بھر میں پولیس ناکوں کے باوجود ڈاکو راج میں ایک حافظ قرآن نوجوان مزاحمت کرنے پر زندگی کی بازی ہار گیا جب کہ واردات کے دوران 3 بچوں کا باپ بھی ڈکیتوں کی گولی کا نشانہ بن کر جاں بحق ہوگیا۔

شادمان ٹاؤن کے علاقے زین العابدین امام بارگاہ کے قریب موٹر سائیکل سوار ڈاکوؤں نے لوٹ مار کے دوران مزاحمت پر نوجوان کو فائرنگ کر کے قتل کر دیا جس کی لاش عباسی شہید اسپتال منتقل کی گئی۔

پولیس کے مطابق مقتول کی شناخت 22 سالہ اسامہ کے نام سے کی گئی جسے سینے پر گولی لگی تھی۔ مقتول شادمان ٹاؤن کا رہائشی بتایا جاتا ہے۔ اطلاع ملتے ہی نوجوان کے دوستوں اور اہل خانہ کی بڑی تعداد اسپتال پہنچی، جہاں رقت آمیز مناظر دیکھنے میں آئے۔

یہ بھی پڑھیے: کسٹمز اور میری ٹائم سیکیورٹی ایجنسی کی کارروائی، ساڑھے چار کروڑ مالیت کی منشیات برآمد

ڈاکوؤں کی فائرنگ سے جاں بحق ہونے والے 22 سالہ اسامہ کے والد ایوب نے بتایا کہ ان کا بیٹا حافظ قرآن تھا جس نے حال ہی میں میٹرک کا امتحان پاس کیا تھا۔ مقتول کی 2 روز قبل نئی موٹر سائیکل چھن گئی تھی اور وہ دوسری موٹر سائیکل خریدنے کے لیے اپنے دوستوں کے ساتھ شادمان ٹاؤن میں کسی کے پاس آیا تھا کہ اس دوران ڈاکو آگئے۔

دوسری جانب نیوکراچی ایوب گوٹھ سندھ کوآپریٹیو ہاؤسنگ سوسائٹی کے قریب ڈاکوؤں کی فائرنگ سے 3 بچوں کا باپ جاں بحق ہوگیا مقتول کی شناخت 35 سالہ زبیر ولد سمیع اللہ کے نام سے کی گئی جو 4 سال سے سندھ سکیورٹی میں بطور گارڈ ملازم تھا۔ مقتول کا آبائی تعلق میر پور خاص سے تھا۔ مقتول زبیر ڈیوٹی ختم کر کے اپنے بیوی بچوں کو گھر لے جانے کے لیے جا رہا تھا کہ ڈاکوؤں نے لوٹ مار کی واردات کے دوران فائرنگ کر کے قتل کردیا۔