ڈیلی ویجز ملازمین بھی پنشن کے حقدار قرار ،فیصلہ آگیا

May 04, 2026 | 17:14:PM
ڈیلی ویجز ملازمین بھی پنشن کے حقدار قرار ،فیصلہ آگیا
کیپشن: فائل فوٹو
سورس: گوگل
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(ویب ڈیسک) سندھ ہائیکورٹ نے ریٹائرڈ ملازمین کی مدت ملازمت کا تنازع پر بڑا فیصلہ سناتے ہوئے ڈیلی ویجز ملازمین بھی پنشن کے حقدار قرار دے دیا۔

سندھ ہائیکورٹ نے سول ایوی ایشن اتھارٹی (سی اے اے) کے ریٹائرڈ ملازمین کی مدتِ ملازمت کے تنازع پر تاریخی فیصلہ سناتے ہوئے ڈیلی ویجز اور عارضی بنیادوں پر کی گئی سروس کو بھی پنشن کے لیے شمار کرنے کا حکم دے دیا،عدالت نے سی اے اے کے اس حوالے سے جاری کردہ سابقہ دفتری احکامات کو کالعدم قرار دے دیا ہے۔

جسٹس عدنان الکریم میمن کی سربراہی میں دو رکنی بینچ نے درخواستوں پر سماعت کی، وکیل نے موقف اختیار کیا کہ ملازمین نے 1998 سے 2001 کے دوران ڈیلی ویجز پر کام شروع کیا اور 2009 میں انہیں مستقل کر دیا گیاتاہم  ریٹائرمنٹ کے وقت ان کی سابقہ عارضی سروس کو پنشن کے لیے شمار نہیں کیا گیا جبکہ اعلیٰ عدالتیں واضح کر چکی ہیں کہ مستقل ہونے کے بعد سابقہ سروس شامل کرنا لازم ہے۔

اتھارٹی کے وکیل نے دلیل دی کہ درخواست گزار ابتدا میں تھرڈ پارٹی کنٹریکٹ ملازم تھے اور انہوں نے مستقل ہوتے وقت سابقہ سروس شامل نہ کرنے کی شرط تسلیم کی تھی، لہٰذا وہ پنشن کے حقدار نہیں بنتے۔

سندھ ہائیکورٹ نے سی اے اے کے دلائل مسترد کرتے ہوئے ریمارکس دیے کہ ریٹائرمنٹ کے بعد پنشن ملازمین کا حق ہے اور کسی بھی انتظامی شرط کے ذریعے اس حق کو ختم نہیں کیا جا سکتا، اگر عارضی سروس بغیر کسی وقفے کے مستقل ملازمت میں بدل جائے تو وہ مدت پنشن کے لیے شمار ہوگی، درخواست گزاروں کی سابقہ سروس کو نظر انداز کرنا غیر قانونی ہے۔

عدالت نے حکم دیا کہ درخواست گزاروں کی مکمل سروس (بشمول عارضی مدت) کے مطابق پنشن کے واجبات کا ازسرِ نو حساب لگایا جائے اور تمام بقایاجات کی ادائیگی 2 ماہ کے اندر یقینی بنائی جائے۔

یہ بھی پڑھیں :  کراچی :غیر قانونی سی مین بکس رکھنے پر جرمانہ