خدا ارشد ملک کی بخشش فرمائے ، مریم نواز

Dec 04, 2020 | 20:39:PM
 خدا ارشد ملک کی بخشش فرمائے ، مریم نواز
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(24 نیوز)مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز نے کہا ہے کہ خدانے ارشد ملک کو توفیق دی کہ وہ جاتے جاتے نواز شریف سے معافی مانگ کر اپنے ضمیر کا بڑا بوجھ ہلکا کر گئے۔

تفصیلات کے مطابق مریم نواز نے اپنے ٹوئٹ میں کہا  ہے کہ سابق جج ارشد ملک وہاں چلے گئے جہاں ہم سب کو جانا ہے لیکن سابق جج بتا گئے کہ انہیں کس نے نواز شریف کو جھوٹی سزا دینے کے لئےبلیک میل اور استعمال کیا۔انہوں نے دعائے مغفرت کرتے ہوئے کہا کہ خدا ارشد ملک کی بخشش فرمائے اور ان کے لواحقین کو صبر عطا فرمائے۔
مریم کا مزید کہنا تھا کہ یہ ان لوگوں کے لئے سبق ہے جو ظالم بھی ہیں اور اقتدار و طاقت کے نشے میں اندھے بھی ہیں، مجھے ایسے لوگوں کے انجام سے ڈر لگتا ہے کیونکہ خدا ظالم کے ساتھ نہیں۔انہوں نے کہا کہ یہ خداکا نظام ہے، ظالم برباد ہو کر رہے گا۔
خیال رہے کہ اسلام آباد کی احتساب عدالت کے سابق جج ارشد ملک کا کورونا وائرس کے باعث آج انتقال ہوگیا۔ خاندانی ذرائع نے ان کے انتقال کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ ارشد ملک گذشتہ دو ہفتوں سے کورونا وائرس کا شکار ہونے کے بعد اسلام آباد کے نجی ہسپتال میں زیر علاج اور وینٹی لیٹر پر تھے، ڈاکٹرز نے آج صبح 10 بجے ارشد ملک کی موت کی تصدیق کرتے ہوئے اہل خانہ کو آگاہ کیا۔
واضح رہے کہ سابق جج ارشد ملک نے سابق وزیراعظم نواز شریف کو دو کرپشن کیسز میں سزا سنائی تھی۔