افغانستان میں نیا قانون: محبت بھری شاعری پر مکمل پابندی، خلاف ورزی پر سخت سزا
Stay tuned with 24 News HD Android App
(24نیوز)افغانستان کی عبوری حکومت نے محبت اور لڑکے لڑکیوں کی دوستی سے متعلق شاعری پر پابندی عائد کر دی۔
غیر ملکی خبر رساں ایجنسی کے مطابق افغانستان (Afghanistan) میں طالبان حکومت نے شاعری اور ادبی محافل کے سخت ضابطہ اخلاق کو نافذ کر دیا۔ جس کی خلاف ورزی پر سزا بھی ہو سکتی ہے۔
افغانستان کی وزارت امر بالمعروف و نہی عن المنکر نے نئے قانون “شاعری و مشاعروں کا ضابطہ اخلاق” (Code of Conduct) کے نفاذ کا اعلان کیا۔ جس کے تحت شاعروں پر محبت، دوستی اور آزادی اظہار رائے جیسے موضوعات پر لکھنے پر پابندی عائد ہو گی،جبکہ شاعروں کو طالبان قیادت کی تعریف اور مخصوص ہدایات پر عمل کرنے کا پابند بھی بنایا گیا ہے۔
حکام نے کہا ہے کہ یہ قانون طالبان کے امیر ہبتہ اللہ اخوند زادہ کے دستخط کے بعد نافذ کیا گیا ہے۔ جو 13 دفعات پر مشتمل ہے۔ جس کے مطابق کسی بھی شاعر کو لڑکوں اور لڑکیوں کی دوستی یا محبت کے موضوع پر شاعری کرنے کی اجازت نہیں ہو گی۔
یہ بھی پڑھیں:امریکی صدر کا چین پر روس اور شمالی کوریا سے مل کر سازش کا الزام
قانون کے مطابق طالبان کے سپریم لیڈر پر تنقید یا ان کی مخالفت کی بھی اجازت نہیں ہو گی، اسلامی شعائر کی توہین، لسانی یا نسلی تقسیم کی حوصلہ افزائی یا غیر اخلاقی رسوم کو فروغ دینا بھی جرم قرار پائے گا۔
اس قانون کے نفاذ کے بعد منتظمین کو تمام مشاعرے اور شعری نشستوں کو وزارت اطلاعات و ثقافت سے اجازت نامہ لینا لازمی ہو گا۔