افغانستان دنیا کی سب سے بڑی فوج کو شکست دے سکتا ہے تو کشمیر میں کیا رکاوٹ ہے۔۔سراج الحق
Stay tuned with 24 News HD Android App
(24نیوز) امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے کہا ہے کہ کشمیر کی آزادی اور کشمیر کاز کو چھوڑنا پاکستان کے نظریہ کے ساتھ غداری ہے۔کشمیر کی آزادی کا کئی بار موقع آیا جسے ہمارے حکمرانوں نے ضائع کردیا۔
تفصیلات کے مطابق فضلاء کانفرنس مفتاح العلوم مردان میں خطاب اور میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئےامیر جماعت اسلامی کا کہنا تھا کہ حکومتی پالیسیوں نے ملک کو بحرانوں کی آماجگاہ بنا دیا ہے مہنگائی، بے روزگاری، کرپشن اپنے عروج پر ہے جبکہ مافیاز کو کھلی چھٹی ہے۔ ان کے ہاتھ روکنے والا کوئی بھی نہیں۔ یہی وجہ ہے کہ خطے میں سب سے زیادہ مہنگائی ہمارے ملک میں ہے ۔جس میں ہر روز اضافہ ہو رہا ہے۔چوتھے سال میں بھی حکومتی دعوے اور اعلانات میں کوئی صداقت نظر نہیں آئی۔ ایک کروڑ نوکریوں اور پچاس لاکھ گھروں کی خیالی عمارت زمین بوس ہو چکی ہے۔ڈالر ملکی تاریخ کی سب سے بلند سطح پر اور روپیہ پچاس فیصد قدر کم ہونے کے بعد خطے کی سب سے کمزور کرنسی بن چکا ہے ۔
سراج الحق کا کہنا تھا کہ ایک موقع تھا نوجوان سری نگر ایئرپورٹ کے قریب تھے کہ جنرل گریسی نے فوج واپس بلالی۔ ایک بار چین نے پیغام دیا کہ وہ بارڈر پر موجود ہے پاکستان کشمیر کی طرف افواج طھجوائے لیکن صدر ایوب نے وہ موقع ضائع کردیا۔ یہ دنیا انقلابات سے بھری پڑی ہے، افغانستان دنیا کی سب سے بڑی فوج کو شکست دے سکتا ہے تو کشمیر میں کیا رکاوٹ ہے۔
سراج الحق کا مزید کہنا تھا کہ آج تک آزادی کی شمع مقبوضہ کشمیر کے عوام کی وجہ سے روشن ہے۔ کشمیر کے لئے سیاسی اور سفارتی کے ساتھ عسکری جدوجہد بھی کرنا چاہئے۔ افغانستان کو آزادی اللہ پر توکل اور جہاد کے نتیجے میں ملی۔جب تک قرآن مجید موجود ہے جو قیامت تک ہے تو جہاد کا پیغام رہے گا۔ جہاد میں زندگی اور عزت ہے۔نبی آخرالزمان نے خود جہاد لڑے ہیں۔ مقبوضہ کشمیر کے عوام نے بستیوں کی بجائے قبرستان آباد کئے۔ پاکستان کی ہریالی کشمیر سے آنے والے دریاوں کے پانی سے ہے ۔پاکستان کو بچانا ہے تو مقبوضہ کشمیر کی آزادی کے لئے فیصلہ کن معرکہ لڑنا ہوگا۔ ا ہمارے نصاب میں سید علی گیلانی بارے شامل ہونا چاہئے۔ ہر شہر میں علی گیلانی کے نام پر شاہرات ہوں۔ ایک نائب وزیرخارجہ ہو جس کا کام صرف کشمیر پر لابنگ ہو ۔مقبوضہ کشمیر، آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان ایک ہی ہے، جی بی کو عبوری صوبہ بنائیں گے تو مودی اس کا فائدہ اٹھائے گا ۔جب تک ہم ایوانوں میں موجود ہیں کسی صورت اس کی اجازت نہیں دیں گے۔ کشمیر کے عوام بھی ہمارا ساتھ دیں گے۔
یہ بھی پڑھیں:بیوروکریسی کو ملکی ترقی میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت قرار دیتے ہیں۔۔چیئرمین نیب