عمر شریف کی صحت بالکل ٹھیک تھی، ہارٹ اٹیک جان لیوا ثابت ہوا: ڈاکٹر طارق

Oct 03, 2021 | 09:55:AM
ڈاکٹر طارق شہاب
کیپشن: عمر شریف کی صحت بالکل ٹھیک تھی، ہارٹ اٹیک جان لیوا ثابت ہوا: ڈاکٹر طارق
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(مانیٹرنگ ڈیسک) امریکا میں لیجنڈ کامیڈین  و اداکار عمر شریف کے معالج اور اداکارہ ریما کے شوہر ڈاکٹر طارق شہاب کا کہنا ہےکہ  جرمنی کے نیورمبرگ ساؤتھ ہسپتال میں عمر شریف کی صحت بالکل ٹھیک تھی ،ڈائیلسیز کے 4 گھنٹے بعد دل کا دورہ جان لیوا ثابت ہوا۔

میڈیا سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے ڈاکٹر طارق شہاب نے کہا کہ عمر شریف کو بچانے کیلئے حکومت پاکستان، حکومت سندھ اور ہم سب نے بہت کوششیں کیں مگر وہ علاج کیلئے امریکا نہیں پہنچ سکے۔ 

 انہوں نے کہا کہ ’عمر شریف اب ہم میں نہیں رہے‘ یہ کہتے ہوئے بہت دکھ ہو رہا ہے،  جرمنی کے نیورمبرگ ساؤتھ اسپتال میں عمر شریف کی صحت بالکل ٹھیک تھی، ڈائیلیسز کے دوران طبیعت ٹھیک تھی اور ڈائیلیسز کے بعد بھی وہ ٹھیک رہے۔

ڈاکٹر طارق شہاب کا کہنا تھا کہ آج عمر شریف کو واشنگٹن کے لیے روانہ کیا جانا تھا مگر ڈائیلیسز کے بعد ان کی طبیعت بگڑ گئی اور ان کا دل ڈوبنے لگا اور پھر دل بند ہوگیا، جرمن ڈاکٹروں نے بھرپور کوشش کی، انہیں لائف سیونگ دوائیاں دی گئیں، وینٹی لیٹر پر ڈالا اور  سی بی آر دیا لیکن اس کے باوجود وہ عمر شریف کو نہیں بچا سکے۔ 

انہوں نے بتایا کہ ویک اینڈ کی وجہ سے جرمنی میں متعلقہ دفاتر بند ہیں جس کی وجہ سے ان کی میت روانہ نہیں کی جاسکی، آئندہ ہفتے کے اوائل میں عمر شریف کی میت پاکستان پہنچ جائے گی۔