پاکستان اور جنوبی افریقہ کے درمیان ون ڈے سیریز کا کل سے آغاز

Nov 03, 2025 | 18:50:PM
پاکستان اور جنوبی افریقہ کے درمیان ون ڈے سیریز کا کل سے آغاز
سورس: Google
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(24 نیوز)پاکستان اور جنوبی افریقہ کے درمیان ون ڈے انٹرنیشنل سیریز منگل سے شروع ہورہی ہے،تینوں میچز اقبال سٹیڈیم فیصل آباد میں کھیلے جائیں گے، پہلا میچ 4 نومبر، دوسرا میچ 6 نومبر جبکہ تیسرا اور آخری میچ 8 نومبر کو کھیلا جائے گا۔

اقبال سٹیڈیم فیصل آباد میں17  سال بعد انٹرنیشنل کرکٹ کی واپسی ہورہی ہے، اس گراؤنڈ میں آخری مرتبہ انٹرنیشنل میچ 11 اپریل 2008 میں پاکستان اور بنگلہ دیش  کے درمیان کھیلا جانے والا ون ڈے انٹرنیشنل تھا۔

اس میدان میں مجموعی طور پر 16 ون ڈے انٹرنیشنل کھیلے جا چکے ہیں، پاکستان نے اقبال سٹیڈیم میں 12 ون ڈے انٹرنیشنل کھیلے ہیں جن میں سے 9 جیتے ہیں اور 3 ہارے ہیں۔

جنوبی افریقہ نے یہاں 5 ون ڈے انٹرنیشنل کھیلے ہیں، 2 جیتے ہیں، 3 میں اسے شکست ہوئی ہے، اس ون ڈے سیریز سے قبل دونوں ٹیمیں ٹیسٹ اور ٹی ٹوئنٹی سیریز کھیل چکی ہیں۔

ٹیسٹ سیریز ایک ایک سے برابر رہی تھی جبکہ پاکستان نے ٹی ٹوئنٹی سیریز دو ایک سے اپنے نام کی، شاہین شاہ آفریدی پہلی مرتبہ ون ڈے انٹرنیشنل میں پاکستان ٹیم کی قیادت کر رہے ہیں،شاہین شاہ آفریدی کا کہنا ہے پاکستان ٹیم کی قیادت ان کے لیے اعزاز ہے، وہ یہ ذمہ داری بخوبی نبھانے کی کوشش کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ فیصل آباد میں سترہ سال بعد انٹرنیشنل کرکٹ کی واپسی خوش آئند ہے اور ہم جنوبی افریقہ کے خلاف اس سیریز میں اچھی کارکردگی کے لیے پراُمید ہیں۔ہم نے ٹی ٹوئنٹی سیریز اچھی کھیلی ہے ۔

 شاہین آفریدی نے کہا کہ بحیثیت کھلاڑی ہمارا کام کھیلنا ہے اور جو بھی ذمہ داری دی جاتی ہے اسے نبھانا ہے، اس وقت ان کی توجہ ون ڈے پر ہے کہ کس طرح کارکردگی کو بہتر کرنا ہے۔

بابراعظم کے بارے میں شاہین آفریدی کا کہنا ہے کہ آخری ٹی ٹوئنٹی کی اننگز سے یقیناً ان کا اعتماد بڑھا ہوگا اور دو تین اننگز میں ناکامی کی وجہ سے آپ یہ نہیں کہہ سکتے کہ بابراعظم اچھا کھلاڑی نہیں ہے۔

انہوں نے کہا کہ جب بھی سینئر کھلاڑی پرفارم کرتے ہیں ٹیم کامیابی حاصل کرتی ہے، پاکستان اور جنوبی افریقہ کے درمیان 87 ون ڈے انٹرنیشنل کھیلے جا چکے ہیں، پاکستان نے 34 جیتے ہیں جبکہ 52 میں جنوبی افریقہ نے کامیابی حاصل کی ہے۔

پاکستان سکواڈ ان کھلاڑیوں پر مشتمل ہے، شاہین شاہ آفریدی ( کپتان )ابرار احمد، بابراعظم، فہیم اشرف، فیصل اکرم، فخرزمان، حارث رؤف، حسیب اللہ، حسن نواز،حسین طلعت، محمد نواز، محمد رضوان ( وکٹ کیپر) محمد وسیم جونیئر، نسیم شاہ ، صائم ایوب اور سلمان علی آغا شامل ہیں۔

یہ بھی پڑھیں:معلوم نہیں میرےشہر کےوزیراعلی کوکیوں نکالا؟گورنرخیبرپختونخوا