قریبی رفاقت کا خونی انجام !کراچی میں دوستوں کے ہاتھوں دوست کا لرزہ خیز قتل
Stay tuned with 24 News HD Android App
(مبشر حسین)کراچی میں دوستوں کے ہاتھوں دوست کے قتل کا لرزہ خیز واقعہ سامنے آیا ہے، جہاں قریبی رفاقت خونی انجام تک جا پہنچی، کراچی کے علاقے قائدآباد میں پولیس نے فائرنگ سے قتل ہونے والے رینٹ اے کار سے وابستہ نوجوان کے اندھے قتل کا معمہ حل کرتے ہوئے مرکزی ملزم کو گرفتار کر لیا۔
پولیس کے مطابق 29 مارچ کی درمیانی شب نوری آباد میں یہ افسوسناک واقعہ پیش آیا، جہاں عثمان آفریدی نامی نوجوان کو اغوا کے بعد قتل کیا گیا,ڈی آئی جی ایسٹ ڈاکٹر فرخ علی اور ایس ایس پی ملیر ڈاکٹر عبدالخالق کی ہدایت پر مختلف پولیس ٹیمیں تشکیل دی گئیں جبکہ ایس ایچ او قائدآباد کو ملزمان کی گرفتاری کے لیے خصوصی ٹاسک سونپا گیا۔
پولیس ٹیم نے ٹیکنیکل اور خفیہ معلومات کی بنیاد پر کارروائی کرتے ہوئے ایک ملزم کو گرفتار کیا، جس کی شناخت نور عالم ولد گل زمان کے نام سے ہوئی, دوران تفتیش ملزم نے انکشاف کیا کہ مقتول عثمان کو شیر پاؤ کالونی سے اغوا کر کے کراچی سے باہر لے جایا گیا۔
ملزم کے مطابق مقتول کو نوری آباد کے قریب لے جا کر اندھا دھند فائرنگ کر کے قتل کیا گیا اور شواہد مٹانے کے لیے لاش پر تیزاب بھی ڈالا گیا, پولیس کے مطابق مقتول رینٹ اے کار کا کاروبار کرتا تھا۔
مزید انکشاف ہوا کہ ملزمان نے قتل کے بعد مقتول کی آلٹو گاڑی اندرونِ سندھ فروخت کر کے رقم آپس میں تقسیم کر لی۔ ملزم نے یہ بھی بتایا کہ واقعہ مبینہ طور پر غیرت کے نام پر پیش آیا، حالانکہ مقتول ان چاروں ملزمان کا قریبی دوست تھا۔
پولیس کے مطابق واقعے میں مزید تین ملزمان بھی ملوث ہیں جن کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔ مقدمہ تھانہ قائدآباد میں درج ہے جبکہ مزید تفتیش جاری ہے۔
یہ بھی پڑھیں :سرکاری ملازمین کی تنخواہوں میں اضافہ متوقع