مٹی کا طوفان ، تیز بارش،10 افراد جاں بحق،200سے زائد زخمی

Jun 03, 2026 | 09:10:AM
مٹی کا طوفان ، تیز بارش،10 افراد جاں بحق،200سے زائد زخمی
کیپشن: فائل فوٹو
سورس: گوگل
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(حیدرخانزادہ)سندھ کے مختلف اضلاع میں مٹی کے طوفان اور تیز بارشوں کے نتیجے میں10 افراد جاں بحق اور200سے زائد زخمی ہوگئے۔
نوابشاہ میں مٹی کے طوفان اور تیز بارش سے تباہی مچ گئی اور 2خواتین سمیت 10 افراد جاں بحق جبکہ 70 سے زائد افراد زخمی ہو گئے، ایم ایس یا محمد جمالی کے مطابق پیپلز میڈیکل اسپتال میں ایمرجنسی نافذ کر دی گئی جبکہ ڈاکٹروں اور اضافی عملے کو طلب کر لیا گیا ہے،جاں بحق افراد میں عمیر عباسی، افضل پلی اورچنیسر مھر سمیت دو خواتین بھی شامل ہیں۔سائن بورڈز، سولر پینلز، ٹرانسفارمرز، بجلی کی تاریں اور درخت گرنے کے واقعات بھی رپورٹ ہوئے ہیں۔

 ڈپٹی کمشنر شہید بینظیر عبدالصمد نظامانی کاکہناہے کہ  گزشتہ رات مٹی کے طوفان اور تیز بارشوں سے ہلاکتوں کی تعداد 10 ہوگئی،مٹی کے طوفان اور تیز بارش سے متعدد گھروں کی چھتوں اور سولر پینل کو شدید نقصان پہنچاہے، شہر میں لگے سائن بورڈ اڑ گئے، بجلی تنصیبات کو بھی شدید نقصان پہنچاہے، متعدد فیڈرز پر تاحال بجلی بحال نہیں ہوسکی ،حیسکو عملے کی جانب سے بجلی بحالی کے لئے مرمتی کام جاری ہے ، 70 سے زائد زخمیوں کا طبی علاج گیااور معمولی زخمیوں کو ڈسچارج کردیا گیاہے۔

خیرپور ناتھن شاہ میں بھی طوفان کے باعث درجن سے زائد افراد زخمی ہوگئے،شاہ  رحمت اللہ کالونی میں دیوار گرنے سے خاتون سمیت دو بچے شدید زخمی ہوگئے جنہیں تشویشناک حالت میں اسپتال منتقل کیا گیا، نواحی گاؤں دودو لغاری میں بھی دیوار گرنے سے خدابخش لغاری شدید زخمی ہوگئے۔

لاڑکانہ میں گزشتہ رات طوفانی بارش کے باعث بجلی کی 132 کے وی مین سپلائی کے ٹاور گرنے سے بجلی کی سپلائی معطل ہوگئی،132 کے وی ٹرانسمیشن کی سپلائی معطل ہونے سے لاڑکانہ ضلع کی بھی بجلی بندہوگئی،سیپکوانتظامیہ کے مطابق بجلی ٹاورز کی مرمت کا کام جاری ہے اورجلد از جلد بجلی فراہم کردی جائیگی۔

یہ بھی پڑھیں:گلگت بلتستان انتخابات : سیاسی سرگرمیاں عروج پر، مرکزی رہنماؤں کی انتخابی مہم تیز
دادوشہر اور مضافاتی علاقوں میں بھی طوفانی ہواؤں سے بڑے پیمانے پر حادثات کے باعث مزید ایک سو سے زائد افراد زخمی ہوگئے جنہیں ڈی ایچ کیو اسپتال دادو منتقل کردیاگیاجہاں انہیں طبی امداد دی جارہی ہے۔ڈاکٹر عتیق الرحمان کے مطابق سٹی بلاک میں 60 سے زائد زخمی لائے گئے ہیں جبکہ  ڈاکٹر اکاش عباسی کے مطابق نیو ڈی ایچ کیو ہسپتال میں 50 سے زائد زخمی لائے گئے،جہاں تمام زخمیوں کو طبی امدادی دی جارہی ہے،متعدد زخمیوں کو ہسپتال میں داخل کیا گیا ہے، جبکہ تین زخمیوں کو حالت تشویشناک ہونے پر سیہون ریفر کیا گیا ہے۔

 پروونشل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) پنجاب نےگزشتہ روزملک میں داخل ہونے والے مغربی سسٹم کے تحت کمشنرز اور ڈپٹی کمشنرز کو ہائی الرٹ جاری کیاتھا، ترجمان کے مطابق 2 سے 5 جون تک پنجاب کے بیشتر اضلاع میں آندھی اور گرج چمک کے ساتھ بارش اور ژالہ باری کا امکان ہے، انتظامیہ کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ آندھی اور طوفان کے پیش نظر کچے مکانات اور ہورڈنگزکے گرنے جیسے خطرات سے نمٹنے کے لیے پیشگی اقدامات کو یقینی بنائے۔

محکمہ موسمیات نے بھی 5 جون تک پنجاب کے بیشتر اضلاع میں آندھی اوربارش  کی پیشگوئی کررکھی ہے، محکمہ موسمیات کے مطابق خیبر پختونخوا میں شدیدگرمی سے گلیشیائی جھیلیں پھٹنےاور سیلابی صورتحال کا خدشہ ہے،ادھر  پی ڈی ایم اے نے چترال،دیر،سوات،کوہستان اورمانسہرہ کےلیے الرٹ جاری کررکھا ہے۔