شیخ رشید کی گرفتاری پر توہین عدالت کی درخواست، پولیس کو نوٹس جاری

Feb 03, 2023 | 10:04:AM
اسلام آباد ہائیکورٹ نے شیخ رشید کی گرفتاری پر دائر توہین عدالت کی درخواست پر پولیس کو نوٹس جاری کرتے ہوئے 6 فروری کو ریکارڈ سمیت طلب کرلیا
کیپشن: اسلام آباد ہائیکورٹ
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(24 نیوز) اسلام آباد ہائیکورٹ نے شیخ رشید کی گرفتاری پر دائر توہین عدالت کی درخواست پر پولیس کو نوٹس جاری کرتے ہوئے 6 فروری کو ریکارڈ سمیت طلب کرلیا۔

اسلام آباد ہائیکورٹ کے جسٹس طارق محمود جہانگیری نے شیخ رشید کی گرفتاری پر دائر توہین عدالت کی درخواست پر سماعت کی۔

جسٹس طارق محمود جہانگیری نے استفسار کیا کس آرڈر کی خلاف ورزی ہوئی ہے ؟ آپ نے صرف نوٹس کو چیلنج کیا تھا، ایف آئی آر کو نہیں، آپ نے جس پولیس سمن کو چیلنج کیا تھا جس کو معطل کیا تھا، اس عدالت نے پولیس کو ایف آئی آر درج کرنے سے نہیں روکا تھا۔ اس پر وکیل نے کہا کہ اُس وقت پولیس نے انکوائری شروع کر رکھی تھی جس پر ایف آئی آر ہوئی، عدالت نے اُسی انکوائری کی بنا پر جاری پولیس سمن کو معطل کیا تھا۔

جسٹس طارق محمود جہانگیری نے کہا کہ عدالت نے ایف آئی آر کے اندراج سے نہیں روکا تھا، عدالت نے نوٹس کو معطل کیا تھا اس کے تناظر میں کوئی خلاف ورزی ہوئی ہے تو بتائیں۔ وکیل شیخ رشید نے کہا کہ حکم نامے سے یہ تاثر گیا کہ معاملہ کورٹ میں ہے تو ادارے تحمل کا مظاہرہ کریں گے۔ جسٹس طارق محمود جہانگیری نے ریمارکس دیئے کہ کاش اتنا احترام ہوتا، یہاں تو ایک کیس میں ضمانت ہوتی ہے، تو باہر کسی دوسرے مقدمے میں اٹھا لیا جاتا ہے۔

اسلام آباد ہائیکورٹ نے اٹارنی جنرل اور ایڈووکیٹ جنرل کو معاونت کیلئے نوٹس جاری کرتے ہوئے 6 فروری تک ملتوی کر دی۔