خیبرپختونخوا میں بارشوں نے تباہی مچا دی، بچوں سمیت 17افراد جاں بحق، 23 زخمی

Mar 02, 2024 | 10:54:AM
Khyber Pakhtunkhwa, stormy rain, 17 people died, 23 injured. ​
کیپشن: فائل فوٹو
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(24نیوز)خیبرپختونخوا میں برسات نے تباہی مچادی جس کے نتیجے میں مختلف اضلاع میں حادثات کے دوران 17 افراد جاں بحق اور 23 زخمی ہوگئے جبکہ محکمہ موسمیات نے آئندہ 24 گھنٹوں میں مزید بارش کا سلسلہ جاری رہنے کی پیشگوئی کی ہے۔

ریسکیو 1122 کے مطابق پشاور اورخیبرپختونخوا کے مختلف اضلاع میں بارش کے باعث مختلف حادثات میں 17 افراد جاں بحق اور 23 زخمی ہوگئے۔لوئردیر میں تودہ گرنے کے باعث 3 افراد جاں بحق اور ایک زخمی ہوا، باجوڑ کے علاقہ ماموند میں مکان کی چھت گرنے سے 3 بچے جاں بحق ہوئے۔

علاقہ نوتھیہ میں مکان کی چھت گرنے کے باعث 15 مویشی ملبے تلے دب گئے جنہیں ریسکیو کرلیا گیا۔بارش کے باعث پشاور میں یونیورسٹی روڈ تالاب کا منظر پیش کرنے لگا جبکہ بجلی کا نظام بھی درہم برہم ہوگیا۔صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) کی رپورٹ کے مطابق پشاور میں 13 گھروں کو جزوی نقصان پہنچا اور21 گھر مکمل تباہ ہوگئے۔

ڈائریکٹر جنرل پی ڈی ایم اے نے بتایا کہ متاثرہ اضلاع میں امدادی کارروائیاں جاری ہیں، برفباری اور لینڈ سلائیڈنگ سے بند سڑکوں کو کھولنے کا کام جاری ہے، مالم جبہ میں برفباری سے محصور 6 سیاحوں کو ریسکیو کرلیا گیا۔انہوں نے کہا کہ پی ڈی ایم اے، ضلعی انتظامیہ اور تمام متعلقہ ادارے الرٹ ہے، پی ڈی ایم اے تمام اضلاع کے ساتھ قریبی رابطے میں ہے۔محکمہ موسمیات کے مطابق پشاور ایئر پورٹ ایریا میں 68 اور سٹی میں 65 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی ہے۔سب سے زیادہ بارش دیر میں 93 ملی میٹر ریکارڈ کی گئی، مردان تخت بھائی میں 80، کالام میں 52 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی ہے۔

مختلف واقعات میں برفباری کے دوران پھنسے ہوئے سیاحوں کو ریسکیو کرلیا گیا۔سوات مالم جبہ میں برفباری میں پھنسے ہوئے 6 سیاحوں اور کاغان راجگال میں محصور خاندان کے 4 افراد کو بحفاظت نکال کر محفوظ مقام پر منتقل کردیا گیا ہے۔

مزید پڑھیں:   تحریک انصاف کا صدارتی الیکشن میں بھی اپنا امیدوار میدان میں اتارنے کا فیصلہ