ڈی جی پاسپورٹ کی چیئرمین نادرا سے ملاقات، محکمانہ امور پر تبادلہ خیال
Stay tuned with 24 News HD Android App
(24نیوز)ڈائریکٹر جنرل امیگریشن اینڈ پاسپورٹس محمد علی رندھاوا نے نادرا ہیڈکوارٹر میں چیئرمین نادرا لیفٹیننٹ جنرل محمد منیر افسر سے ملاقات کی۔ ملاقات میں دونوں اداروں کے مابین باہمی تعاون، محکمانہ امور، ڈیٹا انٹری کے عمل میں بہتری اور سروسز کی مزید ڈیجیٹلائزیشن پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
اجلاس میں امیگریشن اینڈ پاسپورٹس کے ترقیاتی ایجنڈے اور عوام کو جدید، تیز اور شفاف سہولیات کی فراہمی کے لیے مختلف اقدامات کا جائزہ لیا گیا۔ اس موقع پر پاسپورٹ فیس کی ادائیگی کے نظام کو مزید آسان اور مؤثر بنانے کے لیے کیش لیس ادائیگیوں کے طریقہ کار پر بھی تفصیلی غور کیا گیا۔
اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ پاسپورٹ فیس کی ادائیگی کو مرحلہ وار مکمل طور پر ڈیجیٹل نظام پر منتقل کیا جائے گا، جس کے تحت شہری QR کوڈ، جاز کیش، ایزی پیسہ اور ون لنک سمیت مختلف ڈیجیٹل پلیٹ فارمز کے ذریعے ادائیگیاں کر سکیں گے۔
ڈی جی امیگریشن اینڈ پاسپورٹس محمد علی رندھاوا نے کہا کہ حکومت پاکستان کے وژن کے مطابق عوام کو جدید اور سہل خدمات کی فراہمی اولین ترجیح ہے، جبکہ چیئرمین نادرا نے اس ضمن میں ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کرائی۔
یہ بھی پڑھیں:اداکارہ مومنہ اقبال کے شوہر کون ہیں؟ تفصیلات سامنے آگئیں