نیشنل ہیلتھ سروسز، ریگولیشنز اینڈ کوآرڈینشن ڈویژن کیلئے 22 ارب کے ترقیاتی بجٹ کی تجویز
Stay tuned with 24 News HD Android App
(بابر شہزاد ترک)وفاقی حکومت نے آئندہ مالی سال 2026-27 کے پبلک سیکٹر ڈویلپمنٹ پروگرام (پی ایس ڈی پی) میں نیشنل ہیلتھ سروسز، ریگولیشنز اینڈ کوآرڈینشن ڈویژن کیلئے 22 ارب روپے کے ترقیاتی بجٹ کی تجویز پیش کی ہے، جس کے تحت ملک بھر میں صحت کے بنیادی ڈھانچے، طبی تعلیم اور بیماریوں کی روک تھام سے متعلق متعدد اہم منصوبوں پر کام جاری رکھا جائے گا۔
دستاویزات کے مطابق مجموعی طور پر 33 ترقیاتی سکیموں کو بجٹ کا حصہ بنایا گیا ہے، ان میں 22 جاری ترقیاتی منصوبوں کیلئے 19 ارب 36 کروڑ روپے مختص کرنے کی تجویز دی گئی ہے جبکہ 11 نئی ترقیاتی سکیموں کیلئے 2 ارب 64 کروڑ روپے رکھنے کی سفارش کی گئی ہے۔
جاری منصوبوں میں اسلام آباد میں کینسر ہسپتال کے قیام، جناح میڈیکل کمپلیکس اینڈ ریسرچ سینٹر، ہیپاٹائٹس سی کے خاتمے کے قومی پروگرام اور ذیابیطس کی روک تھام سے متعلق اقدامات کو ترجیح دی گئی ہے، حکومت نے وزیراعظم نیشنل ہیلتھ پروگرام کیلئے بھی 2 ارب روپے مختص کرنے کی تجویز دی ہے تاکہ عوام کو صحت کی سہولیات کی فراہمی کا دائرہ مزید وسیع کیا جا سکے۔
نئی ترقیاتی سکیموں میں فیڈرل میڈیکل کالج اسلام آباد، نیشنل ریسرچ اینڈ فرٹیلٹی کیئر سینٹر کراچی اور نیشنل یونیورسٹی آف نرسنگ کراچی کے منصوبے شامل ہیں۔ ان منصوبوں کا مقصد طبی تعلیم، تحقیق اور خصوصی صحت خدمات کے شعبوں میں استعداد کار بڑھانا ہے، سرکاری ذرائع کے مطابق مجوزہ ترقیاتی بجٹ کے ذریعے صحت کے شعبے میں جاری منصوبوں کی بروقت تکمیل، جدید طبی سہولیات کی فراہمی اور تحقیق و تدریس کے معیار میں بہتری لانے پر خصوصی توجہ دی جائے گی۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ اگر یہ منصوبے مقررہ مدت میں مکمل ہوئے تو ملک کے صحت کے نظام کو مزید مستحکم بنانے میں اہم کردار ادا کر سکتے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں:جعلی ادویات کے خاتمے کا مشن ، حکومت نے تاریخی قدم اٹھا لیا