امریکہ اور اسرائیل کو 40 روز کی جنگ میں ناکامی ہوئی :ایرانی سفیر رضا امیری مقدم
Stay tuned with 24 News HD Android App
(انور عباس )پاکستان میں ایرانی سفیر رضا امیری مقدم نے کہا ہے کہ امریکہ اور اسرائیل کو 40 روز کی جنگ کے دوران ناکامی کا سامنا کرنا پڑا ہےجبکہ جنگ کے دوران تعلیمی اداروں اور عام شہریوں کو نشانہ بنایا گیا ہے۔
ایرانی سفارت خانے میں امام خمینیؒ کی برسی کے موقع پر منعقدہ تقریب سے ایرانی سفیر نے خطاب کرتے ہوئے خطے کی صورتحال، ایران کی خارجہ پالیسی اور حالیہ سفارتی پیش رفت پر اظہارِ خیال کیا۔
ایرانی سفیر نے اپنے خطاب میں کہا کہ مذاکرات کے عمل میں پاکستان نے ثالث کے طور پر اہم کردار ادا کیا، اور ایران نے مذاکرات میں اس لیے شرکت کی کیونکہ اس کی نیت امن کی تھی۔
رضا امیری مقدم نے کہا کہ ایران کو اس بات پر اعتراض ہے کہ امریکہ یورینیم افزودگی پر مکمل پابندی کا مطالبہ کرتا ہے جبکہ پرامن مقاصد کے لیے یورینیم کی افزودگی اور جوہری ہتھیاروں میں واضح فرق موجود ہے،ایران جوہری ہتھیاروں کو حرام سمجھتا ہے اور اس حوالے سے سپریم لیڈر کا فتویٰ موجود ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ ایران کبھی بھی امریکہ اور مغربی دباؤ کے سامنے نہیں جھکے گا، اور ان کے بقول مذاکراتی عمل کے دوران ایران کے مفادات کا تحفظ ضروری ہے،خطے میں حالیہ کشیدگی کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ بعض فریقین یہ سمجھتے تھے کہ وہ مذاکرات کے دوران ایران کو مصروف رکھ کر دیگر کارروائیاں کر سکیں گے، تاہم ان کے بقول صورتحال مختلف ثابت ہوئی۔
ایرانی سفیر نے پاکستان کے کردار کو سراہتے ہوئے کہا کہ فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے مذاکراتی عمل میں مثبت کردار ادا کیا، سفیر نے پاکستانی عوام کی حمایت پر شکریہ بھی ادا کیا۔
تقریب کے اختتام پررضا امیری مقدم نے کہا کہ ایران کی خارجہ پالیسی کا بنیادی اصول کسی کے سامنے نہ جھکنا اور اپنے قومی مفادات کا تحفظ ہے، جبکہ مذاکرات کے لیے آمادگی ہمیشہ موجود ہے بشرطیکہ باہمی احترام اور مفادات کا خیال رکھا جائے۔
یہ بھی پڑھیں :مردان میں نامعلوم افراد کی فائرنگ سے خاتون سمیت3افراد جاں بحق