عمران خان سے ملاقات آئینی و قانونی حق ہے :علیمہ خان

Jun 02, 2026 | 18:37:PM
عمران خان سے ملاقات آئینی و قانونی حق ہے :علیمہ خان
سورس: Google
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(24  نیوز )بانی پی ٹی آئی عمران خان کی بہن علیمہ خان نے بھائی سے ملاقات نہ کروائے جانے پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ یہ ان کا آئینی اور قانونی حق ہے ،  اگر آج بھی ملاقات نہ کروائی گئی تو آئندہ کے لائحہ عمل پر غور کریں گے۔

راولپنڈی میں فیکٹری ناکہ کے مقام پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے علیمہ خانم نے کہا کہ وہ آج بھی بانی پی ٹی آئی سے ملاقات کے لیے آئی ہیں اور یہ ان کا آئینی و قانونی حق ہےاگر آج بھی ملاقات نہ کروائی گئی تو آئندہ کے لائحہ عمل پر غور کریں گے۔

علیمہ خانم نے موجودہ صورتحال پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ ملک میں قانون کی حکمرانی نظر نہیں آ رہی، ان کا کہنا تھا کہ وہ آزاد عدلیہ اور آزاد میڈیا کے لیے آواز بلند کر رہے ہیں اور ضرورت پڑنے پر میڈیا کو اپنے دفاع میں بطور گواہ پیش کریں گے۔

انہوں نے بانی پی ٹی آئی اور سابق آرمی چیف کی مبینہ ملاقات سے متعلق خبروں کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ ایسی اطلاعات بے بنیاد ہیں اور جان بوجھ کر پھیلائی جا رہی ہیں، ان کے بقول جب سیاسی درجہ حرارت بڑھتا ہے تو ڈیل کی افواہیں گردش کرنے لگتی ہیں۔

علیمہ خانم نے بتایا کہ انہوں نے بیرسٹر گوہر سے محسن نقوی کی ملاقات کے حوالے سے سوال کیا تھا، جس پر انہیں بتایا گیا کہ ملاقات ہوئی تھی۔ تاہم انہوں نے مؤقف اختیار کیا کہ بانی پی ٹی آئی کو مناسب طبی سہولیات فراہم کی جانی چاہئیں۔

انہوں نے کہا کہ حکومت کے اقدامات اس کے خوف کی عکاسی کرتے ہیں اور سڑکوں پر سخت پابندیاں اسی خوف کا اظہار ہیں۔ ان کے مطابق بانی پی ٹی آئی کی صحت سے متعلق سوالات اٹھانے پر بھی غیر ضروری رکاوٹیں کھڑی کی جا رہی ہیں۔

علیمہ خانم نے کہا کہ موجودہ سیاسی جدوجہد کا محور بانی پی ٹی آئی کی رہائی ہے اور جو بھی عوامی نمائندہ اس مقصد کے لیے کوشش کرے گا، وہ عوام کی نظر میں ہیرو ہوگا۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ انتخابی عمل میں بے ضابطگیوں اور سیاسی کارکنوں کے خلاف کارروائیوں سے عوام میں بے چینی پیدا ہو رہی ہے۔

خارجہ پالیسی پر بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پاکستان کو اپنے ہمسایہ ممالک خصوصاً افغانستان کے ساتھ بہتر تعلقات استوار کرنے چاہئیں، سرحدی تجارت اور برآمدات میں رکاوٹوں سے ملکی معیشت کو اربوں ڈالر کا نقصان پہنچ رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ بعض سیاسی جماعتیں عوامی خدمت کے بجائے ذاتی مفادات کے لیے کام کر رہی ہیں، جبکہ وہ اور ان کے ساتھی بانی پی ٹی آئی کے حقوق اور رہائی کے لیے ہر ممکن کوشش جاری رکھیں گے۔

علیمہ خانم نے مزید کہا کہ بانی پی ٹی آئی نے مختلف سیاسی رہنماؤں کو اس لیے منتخب کیا ہے کیونکہ وہ انہیں تجربہ کار اور بالغ نظر سیاستدان سمجھتے ہیں، اُن کا کہنا تھا کہ مسئلے کا حل سادہ ہے، بانی پی ٹی آئی کو ان کے تمام قانونی اور آئینی حقوق فراہم کیے جائیں۔

یہ بھی پڑھیں :مردان میں نامعلوم افراد کی فائرنگ سے خاتون سمیت3افراد جاں بحق