ہر بار جھوٹ "اسحاق ڈار بےنقاب ہو چکے" شہزاد اکبر

Dec 02, 2020 | 14:46:PM
ہر بار جھوٹ
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(24نیوز)وزیراعظم کے مشیر برائے احتساب اور داخلہ شہزاد اکبر کا  سابق وزیر خزانہ اسحاق ڈار سے متعلق کہنا ہے کہ  اسحاق ڈار بے نقاب ہو چکے ہیں، اسحاق ڈار  نے کہا نیب کی حراست میں درجنوں لوگ ہلاک ہوئے، نیب کو اسحاق ڈار کے بیان کا نوٹس لینا چاہیے۔

تفصیلات کے مطابق  تحریک انصاف کے رہنما شہزاد اکبر نے شہباز گل کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے  اسحاق ڈار کے غیر ملکی میڈیا کو دیئے گئے حالیہ انٹرویو پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ  ملکی سیاست میں اسحاق ڈار کے انٹرویو کے چرچے ہیں،  بی بی سی پر مفرور شخص کے انٹرویو سے عوام محظوظ ہوئی، 3 سال پہلے اسحاق ڈار پاکستان سے گئے، اسحاق ڈار نے برطانیہ میں سیاسی پناہ کی درخواست دی ہے۔

شہزاد اکبر نے کہا ہے کہ  اسحاق ڈار غیرملکی جرنلسٹ کے سوالوں کے جواب نہیں دے سکے، نوازشریف ماضی میں شکنجے میں آئے تو اسحاق ڈار نے اقبالی بیان دے دیا تھا، اسحاق ڈار انٹرویو میں ایکسپوز ہوچکے ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ ان کی پاکستان میں ایک جائیداد ہے،  بی بی سی ہم سے رابطہ کرے، ہم بھی ایف بی آر سے تفصیلات بھیج دیتے ہیں، اسحاق ڈار کے پاس پاکستان میں کئی جائیدادیں ہیں، اسحاق ڈار نے جائیداد سے متعلق جھوٹ بولا ہے۔

شہزاد اکبر نے اپنی پریس کانفرنس کے دوران مزید کہا کہ اسحاق ڈار ایک ملزم ہیں، ان کی واپسی کے لئے درخواست بھی کی گئی ہے، نوازشریف ایک مجرم ہیں وہ وزٹ ویزا پر برطانیہ گئے، برطانوی حکومت سے رابطہ کیا اور خط بھی بھیجے، خط میں پاکستان بھیجنے کا مطالبہ کیا گیا ہے۔

شہزاد اکبر نے کہا ہے کہ نوازشریف کے ویزے کو کینسل کرنے کا بھی خط میں کہا گیا ہے، برطانوی حکومت سے بات چیت چل رہی ہے، نوازشریف کا وزٹ ویزا 6 ماہ کا تھا، نوازشریف کے ویزے میں توسیع ہونا ابھی باقی ہے، ڈی پورٹ کرنے کا اختیار ایگزیکٹو کے پاس ہے۔