پیٹرول کی قیمت 500 روپے فی لیٹر؟وزیرخزانہ نے خبردار کر دیا
اگر پیٹرولیم مصنوعات کی کھپت میں کمی اور کفایت شعاری مہم میں حکومت کا ساتھ نہ دیا گیا تو مجبوری میں پیٹرول کی قیمت 500 روپے فی لیٹر تک بڑھانا پڑ سکتی ہے، حکومت نے پیٹرول بچانے کیلئے 3 دن تک ادارے بند رکھے، لیکن اس دوران پیٹرول کی کھپت کم ہونے کے بجائے الٹا 7 سے 10 فیصد تک اضافہ ریکارڈ کیا گیا
Stay tuned with 24 News HD Android App
(ویب ڈیسک)پنجاب کے وزیر خزانہ مجتبیٰ شجاع الرحمن نے عوام کو خبردار کیا ہے کہ اگر کفایت شعاری مہم میں ساتھ نہ دیا تو پیٹرول کی قیمت مجبوراً 500 روپے تک بڑھانا پڑ سکتی ہے۔
تفصیلات کے مطابق پنجاب کے صوبائی وزیرِ خزانہ مجتبیٰ شجاع الرحمن نے عوام اور اداروں کو خبردار کیا ہے کہ اگر پیٹرولیم مصنوعات کی کھپت میں کمی اور کفایت شعاری مہم میں حکومت کا ساتھ نہ دیا گیا، تو مجبوری میں پیٹرول کی قیمت 500 روپے فی لیٹر تک بڑھانا پڑ سکتی ہے۔
فیڈریشن آف پاکستان چیمبرز آف کامرس اینڈ انڈسٹری میں صنعتکاروں سے خطاب کرتے ہوئے صوبائی وزیر نے ایک حیران کن انکشاف کیا۔
انہوں نے بتایا حکومت نے پیٹرول بچانے کے لیے تین دن تک ادارے بند رکھے، لیکن اس دوران پیٹرول کی کھپت کم ہونے کے بجائے الٹا 7 سے 10 فیصد تک اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔
ان کا کہنا تھا کہ کھپت میں مسلسل اضافے کی وجہ سے قومی خزانے پر بوجھ بڑھ رہا ہے، جسے کم کرنے کے لیے سخت فیصلے ناگزیر ہو سکتے ہیں۔
وزیرِ خزانہ نے اعلان کیا کہ پیٹرول پر انحصار کم کرنے کے لیے پنجاب حکومت اب سرکاری سطح پر الیکٹرک گاڑیوں کا ٹرینڈ متعارف کروا رہی ہے۔ اس اقدام کا مقصد ایندھن کے اخراجات میں واضح کمی لانا ہے۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ریجنل چیئرمین ایف پی سی سی آئی ذکی اعجاز نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ الیکٹرک گاڑیوں کی ترویج کے لیے اگلے 5 سال تک زیرو مارک اپ (بغیر سود) پر قرضے فراہم کیے جائیں۔
یہ بھی پڑھیں:ہوشیار!پاکستان میں پیٹرول کی قیمت میں 100 روپے فی لیٹر اضافے کا امکان
تاجر رہنماؤں نے شکوہ کیا کہ آئے روز کاروباری سرگرمیوں پر پابندیوں اور اوقات کار کی تبدیلی سے ٹیکس ریونیو میں کمی واقع ہو رہی ہے، جس کا نقصان ملکی معیشت کو ہو رہا ہے۔
صوبائی وزیر نے صنعتکاروں کو یقین دلایا کہ حکومت ان کے تحفظات پر غور کرے گی، تاہم موجودہ معاشی صورتحال میں توانائی کی بچت ہی واحد راستہ ہے۔