پاکستان نے سنسنی خیز مقابلے کے بعد جنوبی افریقہ کیخلاف پہلا ون ڈے جیت لیا

Apr 02, 2021 | 20:23:PM
پاکستان نے سنسنی خیز مقابلے کے بعد جنوبی افریقہ کیخلاف پہلا ون ڈے جیت لیا
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(24 نیوز) سنچورین کے میدان میں کھیلے جانیوالے میچ میں جنوبی افریقہ پاکستان کو جیت کیلئے 274 رنز کا ہدف دیا ، قومی کھلاڑیوں نے سنسنی خیز مقابلے کے بعد آخری اوور میں سکور پورا کرلیا۔

تفصیلات کے مطابق قومی ٹیم کی طرف سے اننگز کا آغاز فخر زمان اور امام الحق نے کیا، گرین شرٹس کو پہلا نقصان 9 رنز پر اٹھانا پڑا جب فخر زمان 12 گیندوں پر 8 رنز بنا کر ربادا کی گیند پر بولڈ ہو گئے۔ فخر زمان کے آئوٹ ہونے کے بعد کپتان بابر اعظم اور امام الحق نے شاندار انداز میں بیٹنگ کرتے ہوئے سکور کو آگے بڑھایا۔ دونوں کے درمیان 177 رنز سے زائد رنز کی پارٹنر شپ بنی۔

قومی ٹیم کے کپتان بابر اعظم نے شاندار بیٹنگ کرتے ہوئے اپنے کیریئر کی 13 ویں سنچری بنائی ، انہوں نے 104 گیندوں کا سامنا کرتے ہوئے 103 رنز کی باری کھیلی اور نارٹجی کی گیند پر آئوٹ ہوئے۔ اوپنر امام الحق 80 گیندوں پر 70 رنز بنا کر نارٹجی کی گیند پر ربادا کو کیچ دے بیٹھے۔ ڈیبیو کرنے والے دانش عزیز بڑی اننگزکھیلنے میں ناکام رہے اور 3 رنز بنا سکے۔ آصف علی 2 سکور بنا کر نارٹجی کا شکار بن گئے۔آخری اوور میں پاکستان کو تین رنز درکار تھے لیکن اچھی بیٹںگ کر رہے شاداب خان ایک غیر ضروری شاٹ کھیلتے ہوئے آئوٹ ہو گئے۔

 فہیم اشرف کھیلنے کیلئے آئے تو ان کو پروٹیز بائولر نے بائونسر دے مارا، اس کے بعد اگلی دونوں گیندوں پر بھی فہیم اشرف نے کوئی رن نہیں بنایا، میچ کی سیکنڈ لاسٹ گیند پر دو رنز بنا کر انہوں نے میچ کا سکور برابر کردیا۔ میچ کا فیصلہ آخری گیند پر ہوا جب فہیم اشرف نے کور پر ایک رن بنا کر پاکستان کو میچ جتوا دیا۔ پاکستان نے 7 وکٹوں کے نقصان پر 274 رنز بنا کر سیریز کا آغاز کردیا۔

اس سے قبل جنوبی افریقا کی طرف سے اننگز کا آغاز ڈی کوک اور مارکرم نے کیا، دونوں نے آغاز میں چند خوبصورت شارٹس کھیلے، مختصر شراکت داری میں 3، 3 چوکوں اور ایک ایک چھکے کی مدد سے 34 رنز بنائے تھے کہ شاہین آفریدی کی بالز پر یکے بعد دیگرے کیچ دے کر پویلین لوٹ گئے۔
پروٹیز ٹیم کے کپتان صرف ایک رن بنا کر چلتے بنے، کلاسن نے بھی ان کی پیروی کی اور55 کے مجموعے پر ایک سکور دے کر محمد رضوان کے ہاتھوں کیچ آوٹ ہو گئے۔
 وین ڈر ڈوسن اور سینئر بیٹسمین ڈیوڈ ملر کے ساتھ مل کر سکور کو آگے بڑھایا، دونوں نے گرین شرٹس کو باﺅلرز کی خوب درگت بنائی۔ دونوں کھلاڑیوں کے درمیان 135 گیندوں پر 116 رنز کی پارٹنر شپ بنائی۔ 171 کے مجموعی سکور پر ملر حارث کی گیند پر پویلین لوٹ گئے۔ وین ڈر ڈوسن نے آل رائونڈر پھلواکیو کیساتھ مل کر 65 گیندوں پر 64 رنز کی شراکت داری بنائی۔ پھلواکیو کو بھی حارث رئوف نے پویلین واپس بھیج دیا۔
اسی دوران پروٹیز ٹیم کے وین ڈر ڈوسن نے اپنی شاندار پہلی سنچری بنائی۔ انہوں نے تھری فیگر اننگز کے لیے 123 گیندوں کا سامنا کیا۔وین ڈرڈوسن 123 رنز بنا کر ناٹ آئوٹ رہے۔ جنوبی افریقا نے مقررہ اوورز میں 273 رنز بنائے۔ شاہین شاہ آفریدی اور حارث رئوف نے دو دو وکٹیں حاصل کیں، جبکہ محمد حسنین اور فہیم اشرف کے حصے میں ایک ایک شکار آیا۔

یہ بھی پڑھیں:صبا قمر نےعظیم خان سے شادی نہ کرنے کی وجہ بتا دی