کراچی سمیت سندھ کے مختلف شہروں میں بادل برسیں گے،محکمہ موسمیات کی پیشگوئی
Stay tuned with 24 News HD Android App
(روزینہ علی)محکمہ موسمیات نے آج بھی کراچی سمیت سندھ کے مختلف شہروں میں بارش کی پیش گوئی کردی۔
محکمہ موسمیات کے مطابق بھارتی گجرات سے ہوا کے کم دباؤ کا سسٹم بحیرۂ عرب میں داخل ہو رہا ہے، کراچی، حیدرآباد، تھرپارکر، عمر کوٹ اور سانگھڑ سمیت سندھ کے مختلف علاقوں میں آج بارش ہوسکتی ہے،گزشتہ روز بھی کراچی کے مختلف علاقوں میں گرج چمک کے ساتھ تیز بارش ہوئی تھی جس سے گرمی کا زور ٹوٹ گیا۔
یہ بھی پڑھیں:فلپائن میں 6.9 شدت کا زلزلہ، 20 افراد جاں بحق،ہنگامی حالت نافذ
کراچی میں کل سب سے زیادہ بارش ائیر پورٹ کےاطراف میں 33 ملی میٹر ریکارڈ کی گئی،بارش کے بعد آئی آئی چندریگر روڈ، شارع فیصل اور ایم اے جناح روڈ سمیت شہر کی مرکزی شاہراہوں پر پانی جمع ہو گیا جس سے ٹریفک کی روانی بری طرح متاثر ہوئی، ٹریفک جام کے باعث ہزاروں افراد سڑکوں پر پھنسے رہے ، ایمبولینسوں کو راستہ نہ ملنے کی وجہ سے مریضوں کو بھی مشکلات کا سامنا رہا۔
شکرگڑھ شہر اور مضافات میں بھی گرج چمک کے ساتھ ٹھنڈی ہواؤں کا راج ہے،ہلکی بارش کے شروع ہوتے ہی موسم ٹھنڈا ہوگیا،یکم اکتوبر کو بارش اور ٹھنڈی ہواؤں سے موسم تبدیل ہوگیا۔
نارووال شہر اور گردونواح میں بھی موسلادھار بارشِ کا سلسلہ جاری ہے جس سے موسم ٹھنڈا اور خوشگوار ہوگیا، بارش کے برستے ہی شہر کے تمام فیڈر ٹرپ کرگئے۔
اگلے ایک سےتین گھنٹوں کے دوران دیر، سوات، بونیر ،شانگلہ، بٹگرام، مانسہرہ، ایبٹ آباد،ہری پور، صوابی اور گردونواح میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش متوقع ہے،محکمہ موسمیات کے مطابق عوام کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی تلقین کی گئی ہے۔
دوسری جانب پی ڈی ایم اے پنجاب نےصوبہ کےبالائی علاقوں میں بارشوں کا الرٹ جاری کردیا،پی ڈی ایم اےپنجاب کاکہنا ہےکہ5سے7 اکتوبر تک پنجاب کے بیشتر اضلاع میں شدید طوفانی بارشیں متوقع ہیں،جس سے دریاؤں اور ندی نالوں میں پانی کے بہاؤ میں اضافے کا امکان ہے۔
ڈی جی عرفان علی کاٹھیا نےکمشنرز اور ڈپٹی کمشنرز کو الرٹ رہنے کی ہدایات کردی،وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کی ہدایت کےمطابق ضلعی انتظامیہ کوالرٹ جاری کردیا،بارشوں سےپنجاب کے دریاؤں اورندی نالوں میں پانی کےبہاؤ میں اضافے کا امکان ہے۔