پہلگام واقعےکا ذمہ دار بھارت ہے، شواہد کےبغیرپاکستان پرالزامات عائد کئے،عطاءتارڑ

May 01, 2025 | 21:36:PM
 پہلگام واقعےکا ذمہ دار بھارت ہے، شواہد کےبغیرپاکستان پرالزامات عائد کئے،عطاءتارڑ
کیپشن: فائل فوٹو
سورس: گوگل
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(اویس کیانی) وفاقی وزیر اطلاعات عطاء اللہ تارڑ  نے ایک مرتبہ پھر بھارت کا بھیانک چہرہ عالمی میڈیا کے سامنے بے نقاب کردیا،انہوں نے عالمی نشریاتی ادارے کو پہلگام واقعے کے تمام حقائق سے آگاہ کرتے ہوئے کہا کہ بھارت نے بغیر شواہد کے پاکستان پر الزامات عائد کئے ،پہلگام واقعہ کا ذمہ دار بھارت خود ہے۔

 عالمی نشریاتی ادارے ”سی این این“ سے گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا  کہ پاکستان پرامن ملک ہے اور ہمیشہ پرامن بقائے باہمی کا خواہاں رہا ہے،پاکستان نے پہلگام واقعہ کی منصفانہ اور شفاف تحقیقات کی پیشکش کی،تاہم بھارت نے انگلی اٹھانا جاری رکھا، ماضی میں بھی انہوں نے ایسے واقعات کے الزامات بغیر تحقیقات کے پاکستان پر عائد کئے،بھارت کے پاس کسی قسم کے شواہد موجود نہیں ہیں لیکن بغیر شواہد کے پاکستان پر الزامات عائد کئے،بھارت یہ اصرار تو کرتا ہے کہ یہ حملہ سرحد پار سے تھا لیکن اس کے پاس اپنا یہ الزام ثابت کرنے کے لئے کوئی ثبوت نہیں ہیں، انہوں نے سوال اٹھایا کہ کیا بھارت کے پاس کوئی شواہد ہیں کہ پہلگام حملے میں ملوث شدت پسند پاکستان میں مقیم ہیں؟بھارت کی حکومت اب تک کسی ایک گروپ کا تعین نہیں کر سکی جو اس واقعہ میں ملوث ہو،بھارت کو دنیا کو بتانا ہوگا کہ اس میں کون ملوث ہے، صرف یہ الزام عائد نہیں کیا جا سکتا کہ اس کے پیچھے پاکستان ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ ہمارے پاس مستند انٹیلی جنس اطلاعات تھیں کہ انڈیا پاکستان پر حملہ کرے گا،ایک ذمہ دار ریاست ہونے کے ناطے اور اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کا غیر مستقل رکن ہونے کی حیثیت سے یہ ہمارا فرض ہے کہ یہ معلومات عالمی برادری سے شیئر کریں۔ 

وزیر اطلاعات کا مزید کہنا تھاکہ پاکستان اپنے دفاع کا حق رکھتا ہے،پاک فوج بہادر فورس ہے  جو وطن عزیز کا دفاع کرنا جانتی ہے،پاکستان کی مسلح افواج چوکس اور کسی بھی جارحیت کا مقابلہ کرنے کے لئے تیار ہیں،پاکستان کے عوام پرعزم اور اپنے وطن کے لئے متحد ہیں،پاکستان اپنے دوست ممالک کے ساتھ رابطے میں، ہم اپنا نکتہ نظر پیش کر رہے ہیں،اس ساری صورتحال میں پاکستان نہ تو جارح ہے اور نہ ہی اشتعال دلانے والا ہے،کشیدگی میں اضافے میں پاکستان کا کوئی کردار نہیں۔

یہ بھی پڑھیں: وزیراعظم آفس کی ویب سائٹ ہیک کرنے کا بھارتی دعوٰی مسترد