عمران خان کے نظریے سے پیچھے نہیں ہٹ سکتا :وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی
Stay tuned with 24 News HD Android App
(ملک رحمان)وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمد سہیل خان آفریدی نے کہا ہے کہ نہ انہیں کوئی تقسیم کر سکتا ہے اور نہ ہی وہ عمران خان کے نظریے سے پیچھے ہٹ سکتے ہیں، مخالفین نے جماعت کے اندر اختلافات پیدا کرنے کی کوشش کی، تاہم اراکین کی کثیر تعداد میں شرکت ان کوششوں کا مؤثر جواب ہے۔
سہیل خان آفریدی نے پارلیمانی پارٹی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ تمام تر پروپیگنڈے کے باوجود اراکین اسمبلی کی بھرپور شرکت جماعتی اتحاد اور یکجہتی کا واضح ثبوت ہے، اجلاس میں سپیکر صوبائی اسمبلی، کابینہ اراکین اور اراکین صوبائی اسمبلی نے شرکت کی۔
وزیراعلیٰ کے مطابق اجلاس کا بنیادی مقصد عمران خان کی صحت اور آئندہ مالی سال کے بجٹ کے حوالے سے پارلیمنٹیرینز کو اعتماد میں لینا تھا۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ عمران خان کی صحت کے حوالے سے انہیں اور پوری قوم کو تشویش لاحق ہے اور مطالبہ کیا کہ ان کا علاج ان کی مرضی کے ڈاکٹروں اور ہسپتال میں، اہل خانہ کی موجودگی میں کرایا جائے۔
بجٹ کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ آئندہ مالی سال کا بجٹ عوام دوست ہوگا اور اس میں ترقیاتی منصوبوں کے ذریعے عمران خان کے وژن کی عکاسی کی جائے گی۔ ان کا کہنا تھا کہ حکومت انسانی ترقی اور عوامی فلاح پر سرمایہ کاری کر رہی ہے اور بجٹ میں ایسے منصوبے شامل کیے جائیں گے جو ماضی میں نہیں دیکھے گئے۔
وزیراعلیٰ نے وفاقی حکومت پر صوبے کے حقوق نظر انداز کرنے کا الزام عائد کرتے ہوئے کہا کہ خیبرپختونخوا کے وسائل اور مالی واجبات کی ادائیگی میں تاخیر کی جا رہی ہے، انہوں نے دعویٰ کیا کہ ضم شدہ اضلاع کے فنڈز میں کٹوتی کی گئی ہے جبکہ صوبے کے واجبات بھی تاحال ادا نہیں کیے گئے۔
انہوں نے کہا کہ صوبے کے حقوق کے حصول کے لیے دیگر سیاسی جماعتوں کو بھی ساتھ ملا کر جدوجہد کی جا رہی ہے اور اس مقصد کے لیے مشترکہ آواز اُٹھانا وقت کی ضرورت ہے۔
یہ بھی پڑھیں :دشمن کےوعدوں پر بھروسہ نہیں:ایرانی سپیکر