خواجہ آصف کا لیسکو کے خلاف ٹوئٹ، 3 اہلکار معطل
Stay tuned with 24 News HD Android App
(ویب ڈیسک)وزیر دفاع خواجہ محمد آصف کی جانب سے لیسکو کے خلاف کی گئی ٹویٹ کے بعد کارروائی کرتے ہوئے دو لائن مین اور ایک لائن سپرنٹنڈنٹ کو معطل کردیا گیا ہے۔
ایکسیئن پھول نگر ڈویژن کے مطابق معطل کیے گئے اہلکاروں میں لائن سپرنٹنڈنٹ محمد حسین، لائن مین شوکت اور لائن مین فلک شیر شامل ہیں۔
لیسکو حکام کے مطابق گاؤں میں 200 کلوواٹ کا ٹرانسفارمر جلنے کے بعد 100 کلوواٹ کا ٹرانسفارمر نصب کیا جا رہا تھا تاہم مقامی افراد اور خواجہ آصف کے کوآرڈینیٹر نے عملے کو کام سے روک دیا۔
ایکسیئن پھول نگر کا کہنا تھا کہ انہوں نے خود چک 27 کا دورہ کیا اور کسی کے لیسکو عملے کو رقم دینے کا کوئی ثبوت سامنے نہیں آیا۔
ذرائع کے مطابق خواجہ آصف نے شکایت کی تھی کہ ان کے ملازم کے گاؤں کا ٹرانسفارمر 80 ہزار روپے مبینہ رشوت کے بعد تبدیل کیا گیا۔
دوسری جانب ذرائع لیسکو کا کہنا ہے کہ ایک شخص شبیر نے گاؤں سے رقم اکٹھی کی جس کا لیسکو سے کوئی تعلق نہیں۔
لیسکو حکام کے مطابق معاملے پر اعلیٰ سطح کی انکوائری جاری ہے جبکہ چیف ایگزیکٹو لیسکو کے نوٹس پر ڈائریکٹر سرویلنس اینڈ انسپکشن ٹیم تحقیقات کر رہی ہے۔
میرے گھریلو ملازم کے گاؤں میں ٹرانسفارمر کل جل گیا۔ لیسکو کے ایک پرانے مہربان ceo کو فون کیا کے کسی کو فون کریں اور مہربانی فرمائیں ۔ ملازمین نے ٹرانسفارمر مرمت کردیا اور 80000روپے لیے اور مرمت کردیا۔ گاؤں والوں نے چندہ جمع کرکے لیسکو کے ملازمین کو ادا کردیا۔ رسید کسی نے نہیں دی۔…
— Khawaja M. Asif (@KhawajaMAsif) May 30, 2026
یہ بھی پڑھیں:حکومت پروٹیکٹڈ صارفین کے لئے بجلی سبسڈی ختم نہیں کر رہی؛ اویس لغاری