بیرون ملک نئے پریس افسران کی تعیناتیوں کی راہ ہموار، قواعد و ضوابط کا نوٹیفکیشن جاری
Stay tuned with 24 News HD Android App
( اویس کیانی) وزیراعظم کی منظوری کے بعد بیرون ملک پریس افسران کی نئی تعیناتیوں کے لیے باضابطہ قواعد و ضوابط جاری کر دیے گئے ہیں۔ وزارت اطلاعات و نشریات کی جانب سے جاری کیے گئے ان قواعد کو "انفارمیشن گروپ پوسٹنگ ایبرارڈ رولز 2025" کا نام دیا گیا ہے۔
یہ رولز پریس اتاشیوں، پریس قونصلرز اور منسٹر پریس کی تعیناتیوں پر لاگو ہوں گے، ذرائع کے مطابق خالی آسامیوں اور آئندہ 6ماہ کے دوران ممکنہ طور پر خالی ہونے والی پوسٹوں کے لیے تعیناتیوں کا عمل جلد شروع کیا جائے گا۔
امیدواروں کا تحریری امتحان نہیں لیا جائے گا بلکہ صرف انٹرویوز ہوں گے، وفاقی وزیر اطلاعات کی سربراہی میں سپیشل سلیکشن بورڈ انٹرویوز لے گا، امیدواروں کی ابتدائی شارٹ لسٹنگ ایک سکروٹنی کمیٹی کرے گی جس کی سربراہی جوائنٹ سیکریٹری کریں گے۔
سپیشل سلیکشن بورڈ کے پاس 40 فیصد اور سکروٹنی کمیٹی کے پاس 60 فیصد نمبرز کا اختیار ہوگا۔
گزشتہ 5 سال میں "ایوریج" یا "ایڈورس" کارکردگی رپورٹس والے افسران اہل نہیں ہوں گے،اگلے 2 سال میں پروموشن زون میں آنے والے افسران بھی اہل نہیں ہوں گے،4 سال کے اندر ریٹائر ہونے والے افسران کی تعیناتی پر بھی غور نہیں کیا جائے گا،گزشتہ کسی بھی بیرون ملک تعیناتی کے بعد کم از کم 3 سال پاکستان میں قیام ضروری ہوگا۔
پریس اتاشیوں کے لیے گریڈ 18 میں کم از کم 3 سال کی ریگولر سروس شرط ہے،وہ افسران جو دو فارن پوسٹنگز مکمل کر چکے ہیں ،وہ نااہل قرار دیے گئے ہیں جن افسران کے خلاف انضباطی کارروائی یا تحقیقات جاری ہیں،وہ بھی اہل نہیں ہوں گے۔
واضح رہے کہ بیرون ملک 8 پریس افسران کی مدت کئی ماہ قبل مکمل ہو چکی ہے،گریڈ 19 کے 4 پریس قونصلرز کی مدت اکتوبر 2024 سے مکمل ہونا شروع ہوئی تھی،گریڈ 18 کے 4 پریس اتاشیوں کی مدت جولائی 2024 سے مکمل ہو چکی ہے، علاوہ ازیں ، ماسکو میں پریس قونصلر کے استعفیٰ کے بعد وہاں کی آسامی خالی ہے۔
باقی 7 پریس افسران نے اپنی 3 سالہ مدت مکمل ہونے کے باوجود عہدے نہیں چھوڑے اور نئی تعیناتیوں تک وہی فرائض انجام دیتے رہیں گے۔
یہ بھی پڑھیں: اسرائیل نے سعودیہ سمیت 5 عرب وزرائے خارجہ کو دورے سے روکدیا