جعلی پولیس مقابلے میں ایس ایچ او روات اور انویسٹی گیشن افسر صدر سرکل کو نوٹس جاری

May 31, 2025 | 21:16:PM
جعلی پولیس مقابلے میں ایس ایچ او روات اور انویسٹی گیشن افسر صدر سرکل کو نوٹس جاری
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(24نیوز)انسداد دہشتگردی عدالت راولپنڈی نے ایس ایچ او روات اور انویسٹی گیشن افسر صدر سرکل کو جعلی انکاونٹر شو کاز نوٹس جاری کردیا۔عدالت نے دونوں پولیس افسران کو 2 جون کو طلب کرلیا۔

روات پولیس نے چند روز قبل خطرناک منشیات فروش واحد عرف واحدی کو پولیس مقابلے میں ہلاک کرنے کا دعوی کیا تھا۔پولیس نے اے ٹی سی  سے 20 مئی کو واحد عرف واحدی کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری حاصل کئے تھے۔

نوٹس میں کہا گیا ہے کہ عدالت کو سوشل میڈیا اور پریس سے معلوم ہوا آپ نے ملزم کو جعلی انکاونٹر میں ہلاک کیا ہے، ملزم کا جعلی انکاؤنٹر آپ اور آپ کے سینئرز سی پی او اور ایس ایس پی آپریشنز کی ملی بھگت سے کیا گیا ہے۔

نوٹس میں مزید کہا گیا ہے کہ بدقسمتی سے کسی بھی شہری کو جعلی پولیس مقابلے میں ہلاک کرنا روایت بن چکی ہے، ملزمان کو جعلی انکاونٹرز میں مارنا عدالتی نظام پر طمانچہ ہے، ملزم کا انکاونٹر ہی کرنا تھا تو یہ کام عدالت کا سہارا لئے بغیر کیا جاسکتا تھا، ملزم کے غیر ضمانتی وارنٹ حاصل کرکے آپ نے جعلی انکاونٹر کو قانونی رنگ دینے کی کوشش کی ہے۔

عدالت نے کہاکہ ملزم کے غیر ضمانتی وارنٹ گرفتاری حاصل کرکے اسے جعلی پولیس مقابلے میں قتل کرنا توہین عدالت ہے، عدالت میں ذاتی حیثیت میں پیش ہوکر بتائیں کیوں نے آپ اور آپ کے سینئرز کے خلاف قتل کا مقدمہ درج کیا جائے۔

یاد رہے کہ پولیس نے واحد عرف واحد کو 27 مئی کو پولیس مقابلے ہلاک کرکے اسے بڑی کامیابی قرار دیا تھا۔پولیس کے مطابق واحد عرف واحدی بھتہ خوری، منشیات فروشی، قتل اور اغواء کے متعدد مقدمات میں ملوث تھا۔

یہ بھی پڑھیں:محکمہ موسمیات نے تیز ہواؤں اور گرج چمک کیساتھ بارش کی نوید سنا دی

دیگر کیٹیگریز: پاکستان - پنجاب
ٹیگز: