عمران خان،نوازشریف مکافات عمل اس دنیا میں دیکھیں گے:بلاول بھٹو زرداری

Jan 31, 2024 | 16:07:PM
عمران خان،نوازشریف مکافات عمل اس دنیا میں دیکھیں گے:بلاول بھٹو زرداری
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

 (24 نیوز)پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہےکہ بانی پی ٹی آئی اور نوازشریف مکافات عمل اس دنیا میں دیکھیں گے جب کہ نوازشریف نے مکافات عمل کے طورپر اپنی بیٹی کے ساتھ انتقامی سیاست ہوتے ہوئے دیکھی۔

مالاکنڈ میں جلسے سے خطاب میں بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ آج کل کچھ لوگ لیول پلیئنگ فیلڈ کےلیے رو رہےہیں لیکن پیپلزپارٹی کوکسی الیکشن میں لیول پلیئنگ فیلڈ نہیں ملی۔ ہم تمام مسائل کا مل کرمقابلہ کریں گے، کہتے تھے موسم خراب ہے اور دہشتگردی ہے، انتخابات ملتوی کیےجائیں، تمام پرانے سیاستدانوں کوکہنا چاہتا ہوں آپ ملکی معیشت کے ساتھ نہ کھیلیں۔

 
بلاول بھٹو کا کہنا تھا کہ بانی پی ٹی آئی نے نوجوانوں کوامید دلائی کہ وہ تبدیلی لائیں گے مگر بانی پی ٹی آئی نے جب حکومت بنائی تویوٹرن لیے، آج کے فیصلے پر میں جشن نہیں مناؤں گا بلکہ بانی پی ٹی آئی کوتوبہ کرنی چاہیے۔بھٹوکی بیٹی کے خلاف جعلی کیسزبنائے گئے، بانی پی ٹی آئی اور نوازشریف مکافات عمل اس دنیا میں دیکھیں گے، نوازشریف نے مکافات عمل کے طورپر اپنی بیٹی کے ساتھ انتقامی سیاست ہوتے ہوئے دیکھی۔

ضرور پڑھیں:معاشی اعتبار سے یہ انتخابات اہم ہیں:شہباز شریف

چیئرمین پی پی نے کہا کہ میاں صاحب چوتھی بار وزیراعظم بننا چاہتے ہیں وہ کرنا کیا چاہتے ہیں؟  عوام فیصلہ کریں ان کا وزیراعظم کون ہوگا، پی پی ہی وہ جماعت ہے جو شیر کا راستہ روک سکتی ہے اور اس کا شکار کرسکتی ہے لہٰذا عوام 8 فروری کو سوچ سمجھ کر ووٹ ڈالیں، آپ کو ہماری شکل پسند ہو یا نہ ہو، میدان میں ہم اور وہ کھڑے ہیں۔ شہدا کے خون کا سودا کرنے والا بانی پی ٹی آئی ہوتا کون ہے؟ بانی پی ٹی آئی کے فیصلوں کی وجہ سے دہشتگرد سر اٹھارہے ہیں، کبھی برداشت نہیں کروں گا کہ دہشتگرد دوبارہ ملک پرمسلط ہوں، ان کا سرکاٹ دوں گا۔


بلاول بھٹو نے کہا کہ اختلاف رائے کو سیاسی دشمنی میں کیوں تبدیل کریں؟ آصف زرداری کا گلا اورزبان کاٹی گئی لیکن انہوں نے پاکستان کھپے کا نعرہ لگایا۔ حکومت میں آکر پہلے دن تمام سیاسی قیدیوں کو رہا کروں گا، اشرافیہ کو تکلیف پہنچاؤں گا اور عوام کوریلیف دوں گا، 17 وزارتوں کوبند کرکے عوام کو ریلیف دیں گے، کچی آباد کوریگولرائز کرنا ہے اورمالکانہ حقوق دیں گے۔