یکم نومبر سے پیٹرول، ہائی سپیڈ ڈیزل، مٹی کے تیل کی قیمتیں بڑھنے کا امکان

Oct 30, 2025 | 10:19:AM
یکم نومبر سے پیٹرول، ہائی سپیڈ ڈیزل، مٹی کے تیل کی قیمتیں بڑھنے کا امکان
کیپشن: فائل فوٹو
سورس: گوگل
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(24نیوز)پاکستان میں پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کا امکان ہے، اس حوالے سے اوگرا نے سمری تیار کرلی ہے۔

تفصیلات کے مطابق عالمی منڈی میں غیر یقینی صورتحال کے باعث پاکستان میں نومبر میں آئندہ پندرہ روز کے لئے پیٹرول کی قیمتوں میں اضافے کا امکان ہے۔

ذرائع نے بتایا کہ آئل اینڈ گیس ریگولیٹری اتھارٹی (اوگرا) نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں ردوبدل کے لیے سمری تیار کرلی ہے، جو 31 اکتوبر کو وزیرِ خزانہ کو ارسال کی جائے گی۔

وزیراعظم شہباز شریف کی حتمی منظوری کے بعد وزیرِ خزانہ 1 نومبر تا 15 نومبر کے لیے نئی قیمتوں کا اعلان کریں گے۔

فی الحال پاکستان میں پیٹرول کی قیمت 263.02 روپے فی لیٹر ہے، جبکہ ہائی اسپیڈ ڈیزل 275.42 روپے فی لیٹر میں فروخت ہورہا ہے۔

اسی طرح لائٹ سپیڈ ڈیزل کی قیمت 159.76 روپے اور مٹی کے تیل (کيروسین) کی قیمت 176.81 روپے فی لیٹر ہے۔

متوقع نئی قیمتیں
رپورٹس کے مطابق پیٹرول کی قیمت میں1.48روپے فی لیٹر اضافے کا امکان ہے، جس کے بعد نئی قیمت 264.50 روپے فی لیٹر ہوسکتی ہے۔

اسی طرح ہائی سپیڈ ڈیزل کی قیمت میں 1.38 روپے فی لیٹر اضافہ متوقع ہے، جس کے بعد نئی قیمت 276.80 روپے فی لیٹر ہوسکتی ہے۔

دوسری جانب مٹی کے تیل (کیر وسین) اور لائٹ ڈیزل آئل کی قیمتوں میں بالترتیب 2 روپے 34 پیسے اور 48 پیسے فی لیٹر اضافہ متوقع ہے۔

یہ بھی پڑھیں:ٹماٹر کے شدید بحران کے بعد پیاز بھی مہنگی، فی کلو قیمت 220 روپے تک جاپہنچی

یکم جون سے اب تک مٹی کے تیل کی قیمت میں 16 روپے اور لائٹ ڈیزل کی قیمت میں 10 روپے فی لیٹر کا خالص اضافہ ہو چکا ہے۔

اس وقت حکومت پیٹرول اور ڈیزل دونوں پر تقریباً 98 روپے فی لیٹر وصول کر رہی ہے۔

اگرچہ جنرل سیلز ٹیکس (جی ایس ٹی) تمام پیٹرولیم مصنوعات پر صفر فیصد ہے، مگر حکومت پیٹرول لیوی اور کلائمیٹ سپورٹ لیوی (سی ایس ایل) کے تحت ڈیزل پر 79.50 روپے اور پیٹرول و ہائی آکٹین پر 80.52 روپے فی لیٹر چارج کر رہی ہے، جس میں ڈھائی روپے فی لیٹر سی ایس ایل بھی شامل ہے۔

عالمی منڈی میں  گزشتہ روز تیل کی قیمتوں میں مسلسل تیسرے دن کمی دیکھی گئی۔

برینٹ کروڈ آئل 7 سینٹ کمی سے 64.33 ڈالر فی بیرل جبکہ ویسٹ ٹیکساس انٹرمیڈیٹ (WTI) بھی 7 سینٹ کمی کے ساتھ 60.08 ڈالر فی بیرل پر ٹریڈ ہوا۔

تجزیہ کاروں کے مطابق روس پر پابندیوں اور OPEC+ کی ممکنہ پیداوار میں اضافے کی خبروں نے عالمی منڈی میں غیر یقینی صورتحال کو بڑھا دیا ہے۔