وزیراعلیٰ کا ڈی ایچ کیو شیخوپورہ کا دورہ، مریضوں کو مفت ادویات نہ ملنے پر انتظامیہ کی سرزنش

Oct 30, 2023 | 00:21:AM
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(24 نیوز) نگران وزیراعلیٰ پنجاب سید محسن رضا نقوی نے ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹرز ہسپتال شیخوپورہ کا دورہ کیا اور ٹراما سینٹر سمیت ہسپتال کے مختلف وارڈز میں زیرِ علاج مریضوں کی عیادت کی۔

نگران وزیراعلیٰ نے زیرِ علاج مریضوں سے ادویات کی فراہمی اور دیگر سہولیات کے متعلق دریافت کیا۔

اس موقع پر میڈیکل وارڈ میں زیرِ علاج تمام مریضوں کو مفت ادویات نہ ملنے پر وزیراعلیٰ ہسپتال انتظامیہ کی سرزنش کی اور باہر سے ادویات خریدنے پر ڈپٹی کمشنر وقار علی خان کو فوری پیسے ادا کرنے کا حکم دیا۔

اس حوالے سے ان کا کہنا تھا کہ زیرِ علاج مریضوں کو تمام ادویات ہسپتال سے فراہم کرنا ضروری ہے شکایت کی صورت میں ایکشن لیا جائے گا۔

ہسپتال میں میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ضلع بھر کے سرکاری ہسپتالوں میں علاج معالجے کی بہترین سہولیات فراہم کر رہے ہیں، یہ ہسپتال پنجاب کے بہت سے ہسپتالوں سے بہتر ہے مگر بہت سی چیزوں کی گنجائش ابھی بھی موجود ہے۔

یہ بھی پڑھیے: نگران وزیراعلیٰ کا چلڈرن اور گنگا رام ہسپتال کا دورہ، بدانتظامی پر اظہار برہمی

ان کا مزید کہنا تھا کہ یقینی بنا رہے ہیں کہ ایمرجنسی میں موجود تمام مریضوں ہسپتال کی جانب سے مفت ادویات فراہم کی جائیں۔

نگران وزیراعلیٰ نے مزید کہا کہ دل کے مریضوں کیلئے خصوصی ٹیمیں تشکیل دی جارہی ہیں جو اینجیوگرافی ہونے کی صورت میں مریضوں کو لاہور منتقل کریں گی۔

نگران وزیراعلیٰ محسن نقوی  نے شیخوپورہ میں مسلم لیگ ن کے رہنما میاں جاوید لطیف سے ان کی رہائشگاہ پر ملاقات بھی کی اور انکے بھائی کی وفات پر تعزیت اور ان کے بلند درجات کیلئے دُعا کی۔