سیالکوٹ :ٹک ٹاکر کو جوس میں زہر دینے کے معاملے پر ملزمان کیخلاف مقدمہ درج
Stay tuned with 24 News HD Android App
(میاں محمد اشفاق)سیالکوٹ میں تھانہ بیگووالہ کے علاقے کوٹلی کھوکھراں میں معروف ٹک ٹاکر کو مبینہ طور پر جوس میں زہر دینے کے معاملے پر پولیس نے متاثرہ شخص کی درخواست پر نامزد ملزمان صفدر اور علی کے خلاف مقدمہ درج کر لیا۔
راولپنڈی کے رہائشی اور سوشل میڈیا انفلوئنسر حکیم بابر شادی کے بعد دعوت پر گاؤں آئے تھے، ایف آئی آر کے متن کے مطابق سوشل میڈیا پر بڑھتی ہوئی شہرت اور مقبولیت کی وجہ سے ملزمان حسد کا شکار تھے۔
متاثرہ ٹک ٹاکر نے ’’24 نیوز‘‘ سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ ملزمان نے تصویریں بنوانے کے بہانے گھر بلایا اور اصرار کر کے جوس پلایا،جوس پیتے ہی طبیعت بگڑ گئی، بھانجے نے تشویشناک حالت میں ٹی ایچ کیو ہسپتال سمبڑیال منتقل کیا۔
ایم ایس ٹی ایچ کیو ہسپتال نے واضح کیا کہ ابتدائی طبی معائنہ میں زہر کے واضح شواہد نہیں ملے، متاثرہ شخص کی حالت خطرے سے باہر ہونے پر ہسپتال سے ڈسچارج کر دیا گیا۔
زہر دیے جانے کی تصدیق کیلئے متاثرہ شخص کے سیمپلز حاصل کر کے فرانزک لیب بھجوا دیے گئے، مقدمہ درج کر کے اصل حقائق جاننے کیلئے میرٹ پر تفتیش شروع کر دی گئی ہے۔
ترجمان پولیس کے مطابق حتمی میڈیکل اور فرانزک رپورٹ آنے پر قصورواروں کے خلاف قانون کے مطابق سخت کارروائی ہوگی،نامزد ملزمان کی گرفتاری کے لیے پولیس کی جانب سے مختلف مقامات پر چھاپے مارے جا رہے ہیں۔