لیاری گینگ کا بدنام زمانہ اور انتہائی مطلوب گینگ وار کمانڈر فیصل عرف ملا گرفتار

Mar 30, 2024 | 13:07:PM
 لیاری گینگ کا بدنام زمانہ اور انتہائی مطلوب گینگ وار کمانڈر فیصل عرف ملا گرفتار
کیپشن: فائل فوٹو
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

( انوشہ جعفری)لیاری گینگ کا بدنام زمانہ گینگ وار کمانڈر فیصل عرف ملا مقابلے کے بعد ہینڈ گرینیڈ و رائفل سمیت گرفتار کرلیا گیا۔

ایس ایس پی امجد حیات کے مطابق  گرفتار گینگ وار کمانڈر فیصل عرف ملا فرقہ وارانہ ٹارگٹ کلنگ، بھتہ خوری اور دہشتگردی سمیت دیگر سنگین جرائم کی وارداتوں میں ملوث ہے۔

امجد حیات نے مزید بتایا کہ فیصل عرف ملا گینگ وار کے رکن وصی اللہ لاکھو اور ایاز زہری کے کہنے پر بلڈروں، تاجروں، دوکانداروں سمیت دیگر کاروباری شخصیات کو بھتہ کی پر چیاں دیتا تھا۔

انہوں نے بتایا کہ ملزم فیصل عرف ملا بھتہ نہ دینے پر ہینڈ گرنیڈ دھماکوں اور قتل کی وارداتوں میں بھی ملوث ہے، یہ سال 2012 سے مذہبی جماعت کے یونٹ انچارج کے ساتھ رمضان اور ربیع الاول میں چندے کی رسیدوں کے زریعے چندہ جمع کرتا رہا ہے۔

امجد حیات کا کہنا تھا کہ ملزم فیصل عرف ملا نے 2015 میں لیاری گینگ وار وصی اللہ لاکھو اور ایاز زہری کے گروہ میں شمولیت اختیار کی، فیصل ملا اپنے شوٹروں اشفاق کیپٹن اور منور کے ذریعے ہینڈ گرینیڈ کے حملے، ٹارگٹ کلنگ، جلاؤ گھیراؤ اور بھتہ وصولی کی وارداتیں کرواتا رہا ہے۔

یہ بھی پڑھیں:کسان کارڈ پرنوازشریف کی تصویر لگانے کا اقدام لاہور ہائیکورٹ میں چیلنج

ایس ایس پی نے بتایا کہ ملزم فیصل عرف ملا، وسیع اللہ اور ایاز زہری کے حکم پر علماء سمیت سیاسی جماعت کی کارکنان کی ٹارگٹ کلنگ میں ملوث رہا ہے، دہشت گرد اولڈ سٹی ایریا میں مختلف تاجروں اور بلڈروں سے بھتہ نہ دینے پر قاتلانہ حملے بھی کرواتا رہا ہے۔

انہوں نے بتایا کہ ملزم کے خلاف دہشتگردی، قتل، اقدام قتل سمیت دیگر سنگین نوعیت کی دفعات کے تحت مقدمات درج کرلیے گئے ہیں، ملزم اس سے قبل گرفتار نہیں ہوا تھا، ملزم پولیس کو انتہائی مطلوب ملزمان کی فہرست میں شامل تھا، ملزم کے قبضے سے ہینڈ گرنیڈ اور ایک عدد رائفل بھی برآمد ہوئی۔