مسلم لیگ ن ملک کی ماں ہے،پی ٹی آئی جو کھیل کھیل رہی ہے،یہ دشمنوں کا آلہ ہے؛احسن اقبال
Stay tuned with 24 News HD Android App
(24نیوز) وفاقی وزیر احسن اقبال نے کہا ہے کہ مسلم لیگ (ن) ملک کی ماں ہے جبکہ پی ٹی آئی جو کھیل کھیل رہی ہے وہ دشمنوں کا آلہ ہے۔
مسلم لیگ (ن) کے یومِ تاسیس کی تقریب منعقد ہوئی جس میں وفاقی وزرا احسن اقبال اور طارق فضل چوہدری نے شرکت کی، تقریب میں راجا خرم نواز، انجمل عقیل سمیت پارٹی کے دیگر رہنما اور کارکنان بھی شریک تھے۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر احسن اقبال نے کہا کہ پی ٹی آئی والے ملک کے دوست نما دشمن ہیں جنہیں اپنے لیڈر کے علاوہ کچھ نظر نہیں آتا۔
انہوں نے کہا کہ آج اڈیالہ جیل کے باہر کبھی مظاہرے اور کبھی دھرنے ہوتے ہیں حالانکہ ن لیگ کی قیادت نے خود جیلیں بھگتی ہیں،ان کا کہنا تھا کہ نہ کسی کی خواہش سے ملاقات ہو سکتی ہے اور نہ کسی کی خواہش پر ملاقات روکی جا سکتی ہے۔
احسن اقبال نے کہا کہ خیبرپختونخوا میں پی ٹی آئی ایک عذاب کی طرح مسلط ہے اور وہاں کا وزیراعلیٰ اپنے صوبے کی بجائے پنجاب آ کر لاہور میں شوٹنگ کراتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ آپ آئے روز اسلام آباد اور پنجاب کے آئینی حقوق کو دھرنوں کے ذریعے سلب کرنے کی کوشش کرتے ہیں۔
وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ اداروں کے خلاف سوشل میڈیا پر جو ریاست مخالف مہم چلائی جا رہی ہے وہ انڈین میڈیا پر چل رہی ہے،انہوں نے کہا کہ ریاست کے خلاف کیا جانے والا پروپیگنڈا کبھی برداشت نہیں کیا جائے گا۔
احسن اقبال نے کہا کہ 30 دسمبر 1906ء کو آل انڈیا مسلم لیگ کی بنیاد رکھی گئی، مسلم لیگ کی بنیاد ایک نظریے اور ایک مشن پر رکھی گئی تھی، کانگریس اور برطانوی سامراج نے ہندوستان پر پنجے گاڑ رکھے تھے اور مسلمانوں کا جینا دوبھر کر دیا گیا تھا،قومیں دوسروں کی نقل کر کے نہیں بلکہ اپنی شناخت اختیار کر کے بنتی ہیں، یہی کارنامہ علامہ اقبال نے انجام دیا ،علامہ اقبال ہی وہ رہنما تھے جنہوں نے بطور لیڈر قائد اعظم محمد علی جناح کا انتخاب کیا۔
احسن اقبال نے کہا کہ قائد اعظم محمد علی جناح نے پاکستان مسلح جدوجہد کے ذریعے نہیں بلکہ دلیل اور ووٹ کی طاقت سے حاصل کیا،انہوں نے کہا کہ قائد اعظم خود پھیپھڑوں کے لاعلاج مرض میں مبتلا تھے، اس کے باوجود انہوں نے اس مشن کو تکمیل تک پہنچایا اور اپنی بیماری کی حالت میں بھی ہمیں آزاد وطن دیا۔
انہوں نے کہا کہ یہ جدوجہد کسی غریب ملک یا لاغر قوم کا کوئی نیا اضافہ نہیں تھی بلکہ ہمارے رہنماؤں نے دنیا کو یہ بتانے کے لیے یہ ملک حاصل کیا۔
ان کا کہنا تھا کہ مضبوط دفاع کے لیے مضبوط معیشت لازمی ہے۔
احسن اقبال نے کہا کہ پی ٹی آئی جو کھیل کھیل رہی ہے وہ دشمنوں کا آلہ ہے اور ہم یہ کھیل کبھی کامیاب نہیں ہونے دیں گے،انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) ملک کی ماں ہے اور جو تیر افواجِ پاکستان کی طرف جائے گا، ہم اس تیر کا مقابلہ کریں گے۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر پارلیمانی امور طارق فضل چوہدری نے کہا کہ تشکیلِ پاکستان سے تکمیلِ پاکستان تک مسلم لیگ کا مرکزی کردار رہا ہے،انہوں نے کہا کہ پاکستان میں ترقی و خوشحالی کے حوالے سے مسلم لیگ (ن) کے صدر میاں نواز شریف کا ہمیشہ مرکزی کردار رہا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ ملک سے اندھیرے ختم کیے گئے،موٹر وے کا قیام عمل میں لایا گیا اور سب سے بڑھ کر پاکستان کو ایٹمی طاقت بنایا گیا،پاکستان کو ناقابلِ تسخیر بنانے میں سب سے نمایاں کردار نواز شریف کا رہا۔
طارق فضل چوہدری نے کہا کہ سابق وزیراعظم میاں نواز شریف کے علاوہ وزیراعظم میاں شہباز شریف کا کردار بھی ہمیشہ نمایاں رہے گا،انہوں نے کہا کہ 10 مئی 2025ء کو جس طرح بھارت کو شکستِ فاش دی گئی، دنیا آج اس کی معترف ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ بنیان المرصوص میں پاک فوج اور پاک فضائیہ نے جس جرات مندانہ کردار کا مظاہرہ کیا، فیلڈ مارشل آرمی چیف اور ائیر چیف کا دفاعی لحاظ سے یہ کردار ہمیشہ پاکستان کی تاریخ میں یاد رکھا جائے گا۔
یہ بھی پڑھیں : نواز شریف کینسر ہسپتال سے سارا پاکستان مستفیض ہوگا