مری جانے والے سیاحوں کیلیے ایڈوائزری جاری
Stay tuned with 24 News HD Android App
(ویب ڈیسک )مری جانے والے سیاحوں کیلیے ایڈوائزری جاری کر دی گئی جس پر عمل کرنے سے وہ کسی بھی ناخوشگوار حادثے سے بچ سکتے ہیں۔
ایڈوائزری ضلعی انتظامیہ کی جانب سے جاری کی گئی جس میں کہا گیا کہ مری میں بارش اور برفباری کا امکان ہے لہٰذا سیاح یہاں آنے سے قبل موسمیاتی صورتحال سے آگاہی حاصل کریں،ضلعی انتظامیہ نے ہدایت دی کہ برفباری والی جگہوں پر گاڑی کے ٹائر پر چین لازمی استعمال کریں، ٹریفک کی روانی کیلیے ٹریفک پولیس کا ساتھ دیں اور گاڑی کے ٹائروں میں ہوا کا پریشر کم اور فیول ٹینک فل رکھیں۔
مزید ہدایت کی گئی کہ سیاح مکمل طور پر فٹ گاڑی پر ہی اپنا سفر جاری رکھیں، سیاحوں کو پریشانی یا مشکل کا سامنا ہو تو سہولت مراکز سے مدد حاصل کر سکتے ہیں۔
21 دسمبر 2025 کو ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر (ڈی پی او) مری ڈاکٹر محمد رضا تنویر سپرا نے بیان میں کہا تھا کہ مری کی خوبصورتی اور برفباری سے لطف اندوز ہونا سیاحوں کا حق ہے تاہم ان کی زندگیوں کا تحفظ اور محفوظ سفر کو یقینی بنانا پولیس کی اولین ترجیح ہے۔
ڈی پی او ڈاکٹر محمد رضا تنویر سپرا نے کہا تھا کہ شہر میں موسم سرما کی پہلی برفباری کے آغاز کے ساتھ ہی ضلعی پولیس کو ہائی الرٹ کر دیا گیا تاکہ سیاحوں کو کسی بھی ناگہانی صورتحال یا ٹریفک کی دشواری سے بچایا جا سکے۔
انہوں نے ہفتہ اور اتوار کے دوران سیاحوں کے غیر معمولی رش کا حوالہ دیتے ہوئے کہا تھا کہ تعطیلات کے بعد بھی سیاحوں کی ایک بڑی تعداد یہاں موجود ہے جس کے پیشِ نظر ٹریفک مینجمنٹ پلان کو مزید فعال کر دیا گیا ہے۔
’برفباری کے دوران سڑکوں پر پھسلن بڑھ جاتی ہے اس لیے سیاحوں سے گزارش ہے کہ وہ اپنی گاڑیوں کے ٹائروں پر سنو چین کا استعمال لازمی کریں اور غیر ضروری اوور ٹیکنگ سے گریز کریں۔‘
یہ بھی پڑھیں : پاکستان کے سٹار کرکٹر میچ کے دوران خوفناک حادثے سے بال بال بچ گئے
ویب ڈیسک