خورد برد کیس: فواد چودھری کا مزید 6 روزہ جسمانی ریمانڈ منظور 

Dec 30, 2023 | 13:33:PM
اسلام آباد میں احتساب عدالت نے خورد برد کیس میں سابق وفاقی وزیر فواد چودھری کا مزید 6 روزہ جسمانی ریمانڈ منظور کرتے ہوئے نیب کے حوالے کردیا۔
کیپشن: فائل فوٹو
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(حاشر احسن) اسلام آباد میں احتساب عدالت نے خورد برد کیس میں سابق وفاقی وزیر فواد چودھری کا مزید 6 روزہ جسمانی ریمانڈ منظور کرتے ہوئے نیب کے حوالے کردیا۔

فواد چودھری کے خلاف جہلم کے تعمیری منصوبوں میں خورد برد کیس کی سماعت احتساب عدالت کے جج محمد بشیر نے کی۔ نیب پراسیکیوٹر سہیل عارف اور وکیل صفائی فیصل چودھری عدالت میں پیش ہوئے۔

پراسیکیوٹر نے عدالت میں دلائل دیتے ہوئے کہا کہ 14 روزہ ریمانڈ کی استدعا تھی جب کہ  10 دن کا ریمانڈ دیاگیا۔ مختلف پہلوؤں پر تفتیش کی گئی، کچھ انہوں نے بھی اقرار کیا۔ 8 کنال اراضی ان کے نام منتقل ہوئی، ریکارڈ کے مطابق اس کی ادائیگی ٹھیکیدار نے کی۔یہ اپنی ادائیگی کے ثبوت دینا چاہتے جو ابھی نہیں دیے۔ مزید تفتیش کرنی ہے۔ متعلقہ ٹھیکیدار اور ایکس ای این کو 2 جنوری کو بلایاہواہے۔ مختلف ریکوری بھی کرنی ہے اور مشکوک ٹرانزیکشنز سمیت دیگر شواہداکٹھے کرنے ہیں۔  لہٰذا عدالت سے استدعا ہے کہ مزید 10 دن کا ریمانڈ دیاجائے تاکہ انکوائری مکمل کرلی جائے۔

جج نے استفسار کیا کہ ان کا رویہ کیسا رہا؟ جس پر فواد چوہدری نے جواب دیا کہ  10 دن کا ریمانڈ دیا،اچھا رویہ رہا،پڑھے لکھے لوگ ہیں ۔ جب ہم آپ کے سامنے آتے ہیں، سب سے پہلے آپ اپنا دائرہ اختیار دیکھتے ہیں۔ وارنٹ میں 4 الزامات ہیں، پہلا الزام بطور وفاقی وزیر منصوبے میں مداخلت کی۔ یہ پراجیکٹ پی ایس ڈی پی کا ہے، ہائی وے کا تو ہے ہی نہیں۔

مزید پڑھیں:  عام انتخابات کیلئے سب کو لیول پلیئنگ فیلڈ ملنی چاہیے، جاوید لطیف

بعد ازاں احتساب عدالت نے فواد چوہدری کے جسمانی ریمانڈ میں توسیع کرنے یا نہ کرنے سے متعلق فیصلہ محفوظ کرلیا،  جسے بعد میں جاری کرتے ہوئے عدالت نے فواد چوہدری کا مزید 6 روزہ جسمانی ریمانڈ منظور کرتے ہوئے ہدایت کی کہ تفتیش مکمل کرلیں اور وکلا سے ملاقات بھی کرادیں۔ عدالت نے فواد چوہدری کو 5 جنوری کو دوبارہ پیش کرنے کا حکم دیا۔