پنجاب میں ٹیچرز کے ای بائیک خریدنے پر 40 فیصد خرچ حکومت برداشت کرےگی
Stay tuned with 24 News HD Android App
(ویب ڈیسک) پنجاب کی حکومت نے سرکاری تعلیمی اداروں کے ٹیچرز کو بلاسود اقساط پر الیکٹرک بائیک فراہم کرنے کا اعلان کردیا ۔ ماہانہ قسط 3,600 روپے سے 4,200 روپے کے درمیان ہوگی۔
پنجاب میں چیف منسٹر مریم نواز شریف کی حکومت نے سرکاری تعلیمی اداروں کے ٹیچرز کے لیے سفری سہولیات کو بہتر بنانے اور آمدورفت کے اخراجات میں کمی لانے کے لیے "ای بائیک سکیم” لانے کا فیصلہ کیا ہے۔
اس اقدام کا مقصد ٹیچرز کو سستی، موثر اور ماحول دوست ٹرانسپورٹ فراہم کرنا ہے۔
اس سکیم کے تحت ایک ای بائیک کی تخمینی قیمت 2 لاکھ سے ڈھائی لاکھ روپے کے درمیان ہے، حکومتِ پنجاب اس قیمت کا 30 سے 40 فیصد حصہ سبسڈی کے طور پر خود برداشت کرے گی، جبکہ بقیہ رقم ای بائیک حاصل کرنے والے ٹیچرز خود 2 سے 3 سال کی آسان اقساط میں ادا کریں گے۔
اس سکیم کے تحت ای بائیک کی ماہانہ قسط 3,600 روپےسے 4,200 روپے کے درمیان ہوگی، جو کہ اساتذہ کے لیے ایک بڑا ریلیف ہے۔
درخواست کا طریقہ کار
سی ایم پنجاب ای بائیک ٹیچر سکیم کے لیے آن لائن درخواستوں کا آغاز جلد کیا جائے گا۔ ٹیچر اس سکیم میں آنے کے لئے پنجاب ٹیچرز فاؤنڈیشن کی ویب سائٹ کے ذریعے اپلائی کریں گے۔
امیدواروں کو اپنا CNIC، سروس سرٹیفکیٹ، درست ڈرائیونگ لائسنس اور پاسپورٹ سائز تصویر جمع کروانا ہوگی۔
درخواست مکمل ہونے پر ویری فیکیشن سلپ ڈاؤن لوڈ کی جا سکے گی، جبکہ اہلیت کی حتمی اطلاع بذریعہ ایس ایم ایس یا ای میل دی جائے گی۔
یہ بھی پڑھیئے: موٹرسائیکل مالکان کےلیے ٹارگٹڈ فیول سبسڈی میں توسیع