کسی بھی خطرے کا جواب دینے کیلئے پوری طرح تیار،پاک فوج کا بھارت کو جواب فیصلہ کن ہوگا،ڈی جی آئی ایس پی آر

Apr 30, 2025 | 19:58:PM
کسی بھی خطرے کا جواب دینے کیلئے پوری طرح تیار،پاک فوج کا بھارت کو جواب فیصلہ کن ہوگا،ڈی جی آئی ایس پی آر
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(24نیوز)پاک فوج کے ترجمان ڈی جی آئی ایس پی آر لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چودھری نے  کہا ہے کہ بھارت اندرونی مسائل سے توجہ ہٹانے کیلئے الزام تراشی کا سہارا لیتا ہے ،پاکستان کی خود مختاری اور سلامتی کیلئے کسی بھی حد تک جائیں گے ،ہم نے جوابی کارروائی کے تمام اقدامات مکمل کرلیے ہیں ،قوم متحد ہے ، قومی سلامتی کا اعلامیہ آچکا ہے ، تمام جماعتوں کا عزم ہے کہ کسی بھی کارروائی کا بھرپور جواب دیں گے ،پاک فوج ہر محاذ پر کسی بھی خطرے کا جواب دینے کیلئے پوری طرح تیار ہے ، بھارت کو ہر ڈومین میں جواب دینے کیلئے تیاری مکمل ہے، پاک فوج کا بھارت کو جواب فیصلہ کن ہوگا، پاکستان کی سلامتی اور خودمختاری پر آنچ نہیں آنے دیں گے۔

ڈی جی آئی ایس پی آر لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف  نے نائب وزیراعظم اسحاق ڈار اور ترجمان دفتر خارجہ کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہاکہ کیسے ممکن ہے حملہ کے 10 منٹ کے اندر تحقیقات کرکے ایف آئی آر بھی درج کرادی گئی،ایف آئی آر میں لکھا گیا کہ پہلگام واقعہ کے ہینڈلرز سرحد پار تھے،ایف آئی آر میں لکھا گیا کہ لوگوں پر اندھا دھند فائرنگ کی گئی۔

ڈی جی آئی ایس پی آرکا کہناتھا کہ بھارت بیانیہ بناتا رہا کہ لوگوں کو مذہب پوچھ کر نشانہ بنایا گیا،پہلگام میں سیاح کی ویڈیو میں لوگوں کو بھاگتے دیکھا جاسکتا ہے،پہلگام واقعہ میں ایک مسلمان کا بھی قتل کیاگیا،لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چودھری نے کہاکہ الزامات کی بجائے ہم پہلگام واقعے کے حقائق پر جائیں گے ، واقعے کے فوری بعد ایف آئی آر کے اندراج اور مندر جات نے سوال پیدا کردیئے ۔

پہلگام واقعے کو فوری طور پر مسلمانوں سے جوڑ دیا گیا ، بھارتی میڈیا نے فوری طور پر پاکستان پر الزام عائد کردیا ،بھارتی ایجنسیوں سے جڑے سوشل میڈیا ہینڈلز پر دوپہر3:05 پر خبر دی گئی،بھارتی نیوز چینلز نے سہ پہر 3:30 پر پہلگام واقعہ کی خبر دی،لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چودھری کاکہناتھا کہ پہلگام میں ہونے والا واقعہ ایل او سی سے 230 کلو میٹر دور ہے، الزام تراشی کی بجائے بھارتی حکومت کو سوالوں کے جواب دینا ہوں گے ،بھارت کی جانب سے بیانیہ بنایا گیا کہ یہ کارروائی مذہب کی بنیاد پر کی گئی ہے ، وزیراعظم نے بھی بھارتی بیانیہ پر سوال اٹھایا ہے۔

ترجمان پاک فوج نے کہاکہ پہلگام واقعے پر استعمال ہونے والے سوشل میڈیا اکاؤنٹس جعفر ایکسپریس حملے میں بھی استعمال ہوئے ،مقبوضہ کشمیر کے عوام نے بھی بھارتی الزام تراشی کا بھانڈا پھوڑ دیا ، دہشت گرد کا کوئی مذہب نہیں ہوتا، اسلامی دہشت گردوں کا کوئی وجود نہیں،بھارت میں سیاسی مفادات کیلئے دہشت گردی کرائی جاتی ہے،پہلگام واقعہ کو سندھ طاس معاہدے کی معطلی کیلئے استعمال کیا گیا،بھارت دہشت گردی کے خلاف پاکستان کی کامیابیوں کو سبوتاژ کرنا چاہتا ہے ۔

ڈی جی آئی ایس پی آر نے کہاکہ دہشت گردی کے واقعات کو سیاسی مقاصد کے لیے استعمال کرنا بھارت کا وطیرہ ہے ،بھارتی جیلوں میں قید پاکستانیوں کو دہشت گرد قرار دے کر جعلی مقابلوں میں نشانہ بنایا جاسکتا ہے ، جعفرایکسپریس حملے پر کالعدم بی ایل اے کا ترجمان بھارتی نیوز چینلز پر بیٹھا رہا،بھارتی چینلز نے جعفر ایکسپریس کے قریب بم دھماکے کی دہشت گردوں کی بنائی ویڈیو چلائی،بھارتی چینلز نے جعفر ایکسپریس کے قریب دھماکے کی جو ویڈیو چلائی وہ کہیں اور نہیں چلی تھی،ان کاکہناتھا کہ بھارت ایک دہشت گرد ریاست ہے،پہلگام واقعہ کے بعد بھارت کی پراکسیز کو پاکستان میں دہشت گردی کے ٹاسک دئیے گئے ہیں،بھارت کی سرحد پار دہشت گردی کا ثبوت امریکا اور کینیڈا تک نے دیا، پہلگام واقعہ پر بھارت کے اندر سے بھی سوالات اٹھ رہے ہیں، چھٹی سنگھ پورا اور پلوامہ واقعات کو بھی بھارت نے سیاسی مقاصد کے لیے استعمال کیا ،

افواج پاکستان اور خفیہ ایجنسیاں تمام صورتحال پر نظر رکھے ہوئے ہیں ،پاکستان میں دہشت گردی کاررائیوں کا بھارت اہم  سپانسر ہے ، دہشت گردی کے خاتمے کے لیے پاکستان قوم اور اداروں کا عزم غیر متزلزل ہے ۔ان کاکہناتھا کہ  بھارتی حکومت الیکشن جیتنے کیلئے پاکستان پر الزام لگاتی ہے ،25 برسوں سے بھارت دہشتگردی کو سیاسی مقاصد کے لیے استعمال کررہا ہے ،پاکستان پر الزام لگاؤ کریڈٹ لو اور الیکشن جیتو،یہ ہے انکا مقصد ، پہلگام واقعے پر سوال اٹھانے والوں کو بھارتی حکومت کی انتقامی کارروائیوں کا سامنا ہے ،بھارت میں دہشت گردی اور انتہا پسندی کی وجہ اندرونی عوامل ہیں۔

ترجمان پاک فوج کا مزید کہناتھا کہ بھارت اندرونی مسائل سے توجہ ہٹانے کے لیے الزام تراشی کا سہارا لیتا ہے ،پاکستان کی خود مختاری اور سلامتی کے لیے کسی بھی حد تک جائیں گے ،ہم نے جوابی کارروائی کے تمام اقدامات مکمل کرلیے ہیں ،قوم متحد ہے ، قومی سلامتی کا اعلامیہ آچکا ہے ، تمام جماعتوں کا عزم ہے کہ کسی بھی کارروائی کا بھرپور جواب دیں گے ،ان کاکہناتھا کہ پاک فوج ہر محاذ پر کسی بھی خطرے کا جواب دینے کے لیےپوری طرح تیار ہے ، بھارت کو ہر ڈومین میں جواب دینے کیلئے تیاری مکمل ہے، پاک فوج کا بھارت کو جواب فیصلہ کن ہوگا، پاکستان کی سلامتی اور خودمختاری پر آنچ نہیں آنے دیں گے،بھارت کا ہمیں مشرقی سرحد پر مصروف رکھنا اس کی خواہش ہی ہوسکتی ہے۔بھارت نے ملٹری  جارحیت کا راستہ لیا تو یہ انکا فیصلہ ہوگا لیکن یہ آگے کہاں جاتا ہے یہ ہمارا فیصلہ ہوگا۔