امریکی حملہ، کراچی کا نوجوان ایران میں شہید

Mar 29, 2026 | 10:30:AM
امریکی حملہ، کراچی کا نوجوان ایران میں شہید
کیپشن: فائل فوٹو
سورس: google
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(24 نیوز)کراچی کے علاقے ماڑی پور یونس آباد سے تعلق رکھنے والا ایک نوجوان ایران کی بندرگاہ بندر عباس پر میزائل حملے میں جاں بحق ہو گیا ہے۔

واقعے کے پانچ روز گزرنے کے باوجود اس کی میت تاحال پاکستان منتقل نہیں کی جا سکی جس پر اہل خانہ شدید پریشانی اور کرب کا شکار ہیں۔

یاسر خان نامی نوجوان 23 مارچ کی شب ایران کے شہر بندر عباس میں ایک ٹگ بوٹ پر موجود تھا جب اس پر میزائل حملہ ہوا، اس واقعے میں یاسر خان جان کی بازی ہار گیا۔

اہل خانہ کے مطابق یاسر گزشتہ چھ ماہ سے اپنے ساتھیوں کے ساتھ اسی ٹگ بوٹ پر ملازمت کر رہا تھا اور روزگار کے سلسلے میں بیرون ملک مقیم تھا۔

یاسر خان چھ بہن بھائیوں میں سب سے چھوٹا تھا اور اس کا ایک تین سالہ بیٹا بھی ہے، اس کی اچانک موت نے پورے خاندان کو صدمے میں مبتلا کر دیا ہے۔

مزید پڑھیں:ایٹمی ہتھیاروں کے عدم پھیلاؤ کا معاہدہ، ایران نے علیحدگی پر غور شروع کر دیا

گھر والوں کا کہنا ہے کہ وہ نہ صرف اپنے پیارے کے نقصان کا دکھ برداشت کر رہے ہیں بلکہ میت کی واپسی میں تاخیر نے ان کی تکلیف میں مزید اضافہ کر دیا ہے۔

لواحقین کے مطابق واقعے کے بعد اب تک حکومتی سطح پر ان سے کوئی مؤثر رابطہ نہیں کیا گیا اور نہ ہی میت کی واپسی کے لیے واضح اقدامات سامنے آئے ہیں۔

 خاندان اپنی مدد آپ کے تحت مختلف ذرائع سے کوششیں کر رہا ہے تاکہ یاسر خان کی میت کو جلد از جلد وطن واپس لایا جا سکے۔