ہم جنگ نہیں چاہتے، تاہم اپنے دفاع کیلئے تیار ہیں، ایرانی سفیر 

امریکی صدر ٹرمپ کی سپریم رہنماء آیت اللہ خامنہ ای کو دھمکی باعث شرم ہے ،صحافیوں کو بریفنگ

Jan 29, 2026 | 22:51:PM
ہم جنگ نہیں چاہتے، تاہم اپنے دفاع کیلئے تیار ہیں، ایرانی سفیر 
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(انور عباس) پاکستان میں ایران کے سفیر رضا امیری مقدم نے کہا ہے کہ ابھی بھی امید ہے کہ جنگ نہیں ہو گی، ہم جنگ نہیں چاہتے تاہم اپنے دفاع کیلئے تیار ہیں، پاکستان سمیت کسی ملک سے اپنی حمایت میں جنگ میں کودنے کا مطالبہ نہیں کرتے۔ اسرائیلی وزیر اعظم کا نام لئے بغیر ایرانی سفیر نے کہا کہ ایران کسی ریاست کے سربراہ کے خلاف کوئی عزائم نہیں رکھتا۔

 پاکستان میں ایران کے سفیر رضا امیری مقدم نے کہا ہے کہ ابھی بھی امید ہے کہ جنگ نہیں ہو گی، ہم جنگ نہیں چاہتے تاہم اپنے دفاع کے لئے تیار ہیں، امریکی دھونس و دھاندلی کو تسلیم نہیں کریں گے، ہم پاکستان سمیت کسی ملک سے اپنی حمایت میں جنگ میں کودنے کا مطالبہ نہیں کرتے بس وہ اپنے ذمہ داریاں ادا کرتے رہیں، ہمارے دوست ہمیں جیسے بھی سپورٹ کرنا چاہیں مگر ہم کسی سے مدد مانگنے نہیں جائیں گے۔

امریکی صدر کی ایرانی سپریم رہنما آیت اللہ خامنہ ای کو نشانہ بنانے کی دھمکیوں اور جواباً ایران کی جانب سے اسرائیلی وزیراعظم بنجمن نتین یاہوکو ممکنہ نشانہ بنانے کے سوال پر ایرانی سفیر نے کہا کہ ایران کسی ریاست کے سربراہ کے خلاف کوئی عزائم نہیں رکھتا عالمی قوانین کے تحت کسی بھی سربراہ مملکت کو نشانہ نہیں بنایا جا سکتا، کسی بھی حکومت کے سربراہ کو قتل کی دھمکی یا کوشش عالمی قوانین کی خلاف ورزی ہے ۔امریکی صدر ٹرمپ کی سپریم رہنماء آیت اللہ خامنہ ای کو دھمکی باعث شرم ہے ،ایرانی سفیر نے کہا کہ جنگ کی صورت میں مہاجرین کے بہاو ٔکے حوالے سے پاکستان سے کوئی بات چیت نہیں ہوئی، ایرانی سفیر کا کہنا تھا کہ ہم جنگ سے بچنے کی کوشش کر رہے ہیں تاہم ان کوششوں کی کامیابی کا 50 فیصد ہمارے اور بقیہ 50 فیصد فریق مخالف کے ہاتھ میں ہے ،پاکستان کی حمایت اور جنگ روکنے کی کوششوں پر مشکور ہیں، ایرانی سفیر نے واضح کیا کہ ایران میں مظاہروں میں گرفتار شدہ شرپسندوں، تخریب کاروں اور امریکی و اسرائیلی ایجنٹوں کے ساتھ ایرانی قوانین کے مطابق ہی سلوک کیا جائے گا ۔

رضا امیری مقدم نے پاکستان اور سعودی عرب میں باہمی دفاعی معاہدے کی حمایت کی تجدید کرتے ہوئے کسی بھی مسلم اتحاد کی سپورٹ کا اعادہ کیا ۔

قبل ازیں ایرانی سفیر نے ایران میں پرامن اجتجاج کے آغاز اور امریکی و اسرائیلی قیادت کے شرپسند بیانات اور مداخلت اور متشدد عناصر کی متشدد کاروائیوں سے آگاہ کیا، رضا امیری مقدم نے بتایا کہ غیرملکی کرنسی کی قدر میں تبدیلی و افراط زر کے باعث پرامن احتجاج شروع ہوا ۔مظاہرین نے سپریم رہنما کی تصاویر اور ایرانی قومی پرچموں کے ساتھ احتجاج کیا جس کو جائز تسلیم کرتے ہوئے احتجاجی نمائندوں و قائدین کو کابینہ اجلاس میں سن کر ایرانی عوام کی مدد کے اقدامات کئے گئے، 31 دسمبر کے بعد اسرائیلی وزیر اعظم و امریکی صدر نے ٹویٹس کے ذریعہ تخریب کاروں کو تخریب کاری کے اشارے دیئے جس کے بعد تخریب کاروں نے جدید ہتھیاروں سے سیکیورٹی فورسز اور پولیس اہلکاروں کا قتل عام کیا، سرکاری و شہری املاک کو تباہ کیا۔

 اعداد و شمار دیتے ہوئے رضا امیری مقدم نے بتایا کہ حالیہ واقعات میں کل 3117 اموات ہوئیں جن میں 2427 سیکیورٹی فورسز اہلکار و عام ایرانی شہری شہید جبکہ 690 دہشتگردوں کو کیفرکردار تک پہنچایا گیا ۔انہوں نے بتایا کہ تخریب کاروں نے   414 حکومتی عمارات، 749 پولیس اسٹیشنوں، 200 سکولوں، 350 مساجد کو تباہ کیا۔

دیگر کیٹیگریز: پاکستان
ٹیگز: