بھاٹی چوک نالے میں خاتون کے گرنے کا مبینہ واقعہ،چیف منسٹر مریم نواز نے ڈائریکٹر ٹیپا شبیر حسین کو معطل کر دیا
Stay tuned with 24 News HD Android App
(24نیوز) وزیر اعلیٰ مریم نواز نے داتا دربار کے قریب بھاٹی چوک میں نوجوان خاتون اور ان کی گود میں موجود بچی کے کھلے مین ہول میں گر جانے کے واقعہ کا فوری نوٹس لے لیا۔ وزیراعلیٰ نے اس واقعہ کے ذمہ دار ایک سینئیر افسر کو معطل کر دیا ہے۔ حکومتی ترجمان نے کنٹریکٹر اور متعلقہ افسروں کے خلاف کارروائی کا عندیہ دے دیا۔
اطلاعات کے مطابق وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف نے 23 سالہ خاتون اور ان کی گود میں موجود 9 ماہ کی بچی کے سیوریج لائن کے کھلے مین ہول سے سیوریج نالے کے اندر گر جانے کی رپورٹس پر نوٹس لے کر متعلقہ سینئیر اہلکار کو معطل کرنے کے احکامات جاری کر دیئے ہیں اور اس واقعہ پر فی الفور مفصل رپورٹ طلب کر لی ہے۔
حکومتی ادارہ کےترجمان نے بتایا کہ فرائض کی ادائیگی میں غفلت برتنے پر وزیر اعلیٰ کے حکم پر ڈائریکٹر ٹیپا شبیر حسین کو معطل کر دیا گیا ہے۔
حکومتی ادارہ کے ترجمان نے بتایا کہ کھلے مین ہول کے معاملہ کی تحقیقات کی جا رہی ہے۔ کنٹریکٹر اور متعلقہ افسران کے خلاف کارروائی ہو گی۔
بتایا جا رہا ہے کہ ریسکیو اہلکار بھاٹی چوک سے گزرنے والی بڑی سیوریج لائن میں مسلسل تلاش کر رہے ہیں لیکن 23 سالہ خاتون اور ان کی بچی کی لاشیں اب تک نہیں مل سکیں۔
متعلقہ حکام کا کہنا ہے کہ اس واقعہ کے دوسرے پہلوؤں کو بھی دیکھ رہے ہیں۔ سر دست ساری توجہ خاتون کو تلاش کرنے پر مرکوز ہے۔